کابل ۔22نومبر (اے پی پی):افغان دارلحکومت کابل میں پاکستا ن کے آنکھوں کے سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی ٹیم نے طبی کیمپ میں بڑی تعداد میں مریضوں کا مفت علاج کیا ،پاک افغان تعاون فورم کے زیر اہتمام تین روزہ مفت طبی کیمپ کے پہلے روز آنکھوں کے متاثرہ مریضوں کی بڑی تعدا د علاج کے لئے آئی جن کا مناسب معائنہ ، علاج اور آپریشن کئے گئے ۔
اس موقع پر افغانستان میں پاکستان کے سفیر منصور احمد نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان صحت کے شعبہ میں افغانستان کے ساتھ تعاون میں اضافہ کر رہا ہے ،اس حوالہ سے پیر کو جناح ہسپتال کابل میں پاکستانی سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی جانب سے آئی کیمپ کا انعقاد کیا گیا، انہو ں نے کہا کہ اگلے تین دنوں میں افغان بھائی بہنوں کے لئے مفت طبی مشورہ اور علاج معالجہ کی سہولت فراہم کی جائے گی
۔افغان مریضوں کے علاج کے لئے کابل کے جناح ہسپتال میں فری کیمپ لگایا گیاجو بدھ تک مریضوں کا علاج کرے گا جہاں ڈاکٹرز اور پیرا میڈکل سٹاف افغان مریضوں کو طبی خدمات فراہم کریں گے، قبل ازیں 18تا20نومبر کو افغان شہر خوست میں اسی طرح کے میڈیکل کیمپ کا اہتمام کیا گیا تھاجہاں پاکستانی سپیشلسٹ ڈاکٹروں نے 2523 مریضوں کا معائنہ کیا اور 324 آپریشن کئے تھے ۔