کارگل اور ایس ڈی پی آئی کے اشتراک سے کراچی کے ساحل پر مینگروو بحالی مہم کا آغاز

پاکستان میں ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں کمپنی کارگل پاکستان نے(ایس ڈی پی آئی) کے ساتھ شراکت داری میں کراچی کے ساحلی علاقوں میں مینگروو شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا ہے۔

اسلام آباد۔22اپریل (اے پی پی):پاکستان میں ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں کمپنی کارگل پاکستان نے(ایس ڈی پی آئی) کے ساتھ شراکت داری میں کراچی کے ساحلی علاقوں میں مینگروو شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ایس ڈی پی آئی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اس اقدام کا مقصد تباہ شدہ مینگروو جنگلات کی بحالی اور ساحلی ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانا ہے۔

مینگروو جنگلات کی اہمیت پاکستان کی تقریباً 1,050 کلومیٹر طویل ساحلی پٹی نہ صرف اقتصادی سرگرمیوں کا مرکز ہے بلکہ ماحولیاتی اعتبار سے بھی انتہائی حساس خطہ ہے۔ اس ساحلی نظام کی بنیاد سمجھے جانے والے مینگروو جنگلات گزشتہ 50 برسوں میں شدید کمی کا شکار ہوئے ہیں، جس کی بڑی وجوہات جنگلات کی کٹائی، آلودگی اور غیر پائیدار انسانی سرگرمیاں ہیں۔خاص طور پر انڈس ڈیلٹا میں پائے جانے والے مینگروو جنگلات ساحلی علاقوں کو کٹاؤ سے بچاتے ہیں، سمندری طوفانوں کے اثرات کم کرتے ہیں اور متنوع سمندری حیات کے لیے محفوظ پناہ گاہ فراہم کرتے ہیں۔ یہ جنگلات مقامی آبادی کی معاشی بہتری میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

موسمیاتی تبدیلی کے خلاف اقداماتایس ڈی پی آئی طویل عرصے سے مختلف قومی اور بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کے لیے موسمیاتی انصاف اور پائیدار ترقی کی وکالت کرتا رہا ہے۔ ادارے نے وزارت موسمیاتی تبدیلی کے ساتھ تعاون کے ذریعے ٹین بلین ٹری سونامی جیسے بڑے منصوبوں کی بھی بھرپور حمایت کی ہے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایس ڈی پی آئی ڈاکٹر عابد قیوم سلہری کے مطابق اقوام متحدہ کی تحقیق سے ظاہر ہوتا ہے کہ مینگروو پر خرچ کیے گئے ہر ایک ڈالر کے بدلے چار ڈالر تک کا معاشی فائدہ حاصل ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مینگروو نہ صرف ماحول کو صاف رکھنے میں مدد دیتے ہیں بلکہ کراچی جیسے ساحلی شہر کو سمندری طوفانوں اور سائیکلونز سے بھی بچاتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق مینگروو کی بحالی سے نہ صرف ساحلی ماحولیاتی نظام مضبوط ہوگا بلکہ اس کے معاشی فوائد بھی نمایاں ہوں گے، جن میں:کاربن کریڈٹ کے ذریعے آمدنی کے نئے مواقع ،ماہی گیری کے شعبے میں بہتری،ساحلی کٹاؤ میں کمی حیاتیاتی تنوع کا تحفظ شامل ہیں ۔

اگرچہ شجرکاری کی کوششیں جاری ہیں، تاہم میٹھے پانی کی کمی اب بھی ایک بڑا چیلنج ہے جس کی وجہ سے مینگروو جنگلات کی مکمل بحالی میں رکاوٹیں موجود ہیں۔کارگل اور ایس ڈی پی آئی کی یہ مشترکہ مہم نہ صرف ماحولیاتی تحفظ کی جانب ایک مثبت قدم ہے بلکہ یہ پاکستان میں پائیدار ترقی، عوامی آگاہی اور ساحلی معیشت کے فروغ کی جانب بھی ایک اہم پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے۔