کالعدم تحریک طالبان سے مذاکرات اکتوبر 2021ء سے حکومتی سطح پر ہو رہے ہیں، مذاکرات کا دائرہ کار آئینی ہے، مریم اورنگزیب

اسلام آباد۔3جون (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اکتوبر 2021ء سے کالعدم تحریک طالبان کے ساتھ حکومتی سطح پر مذاکرات ہو رہے ہیں، مذاکرات کا دائرہ کار آئینی ہے جس میں افغان حکومت سہولت فراہم کر رہی ہے، سیز فائر کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ کالعدم تحریک طالبان کے ساتھ مذاکرات اکتوبر 2021ء میں حکومتی سطح پر شروع ہوئے جس میں افغان حکومت سہولت فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں سول اور ملٹری نمائندگی موجود ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج سیز فائر کا اعلان ہوا جس کا ہم حکومتی سطح پر خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کا دائرہ کار آئینی ہے، مذاکراتی کمیٹی آئین کے مطابق جو بھی فیصلہ کرے گی، وہ حکومت اور پارلیمان کی منظوری سے ہوگا۔