"پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انہیں کالعدم جوائنٹ کشمیر عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے اپنے خط کا جواب موصول ہو گیا ہے، جس میں ٹروتھ اینڈ ریکنسیلی ایشن کمیشن کے قیام کی تجویز دی گئی تھی۔”
کالعدم جوائنٹ کشمیر عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے میرے خط کا جواب موصول ہوگیا ،بلاول بھٹو زرداری

مزید خبریں
اسلام آباد۔1اگست (اے پی پی):پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مجھے کالعدم جوائنٹ کشمیر عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے میرے خط کا جواب موصول ہوگیا ہے جس میں ٹروتھ اینڈ ریکنسیلی ایشن کمیشن کے قیام کی تجویز دی تھی۔
ہفتہ کو ایکس پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ خط میں کمیٹی نے اپنی تجاویز بھی ارسال کی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہر قیمتی جان کا ضیاع ایک قومی سانحہ ہے،اس وقت میری اولین ترجیح یہ ہے کہ موجودہ بحران کے خاتمے میں مدد کی جائے، عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے، اور آزاد جموں و کشمیر میں جلد از جلد معمولاتِ زندگی بحال کیے جائیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ میں اس بات کا خیرمقدم کرتا ہوں کہ انہوں نے مجوزہ کمیشن کو آگے بڑھانے کے ایک ممکنہ ادارہ جاتی حل کے طور پر قبول کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ اس کمیشن کی توثیق اب آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی بھی کرچکی ہے۔ میں ان کی تجویز کا بھی بغور جائزہ لوں گا۔اب میں آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم سے بھی مشاورت کروں گا۔ وہ وفاقی حکومت اور دیگر متعلقہ فریقین سے ابتدائی رائے حاصل کریں گے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ کیا کسی متفقہ تجویز کو آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ بنیاد موجود ہے یا نہیں۔








