چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ کتاب علم، شعور اور ترقی کی بنیاد ہے ،معاشرے کی ترقی کا انحصار تعلیم اور مطالعے کے فروغ پر ہے ،نوجوان نسل میں کتاب دوستی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
کتاب علم، شعور اور ترقی کی بنیاد ہے ، چیرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا عالمی یوم کتاب پر پیغام
اسلام آباد۔23اپریل (اے پی پی):چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ کتاب علم، شعور اور ترقی کی بنیاد ہے ،معاشرے کی ترقی کا انحصار تعلیم اور مطالعے کے فروغ پر ہے ،نوجوان نسل میں کتاب دوستی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
عالمی یوم کتاب پر اپنے پیغام میں سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ علم ہی غربت اور پسماندگی کے خاتمے کا مؤثر ذریعہ ہے،خواتین کی تعلیم اور مطالعہ ان کی خودمختاری کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام مستحق خواتین کے شعور اور تعلیم کے فروغ کے لیے پرعزم ہے،ہر گھر میں کتاب اور ہر ہاتھ میں قلم ہمارا مشترکہ خواب ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل دور میں بھی کتاب کی اہمیت کم نہیں ہوئی بلکہ مزید بڑھ گئی ہے،مصنوعی ذہانت معلومات فراہم کر سکتی ہےمگر بصیرت اور گہرائی کتاب ہی دیتی ہے،الگورتھمز ہماری ترجیحات بدل سکتے ہیں، مگر کتابیں ہماری شخصیت تعمیر کرتی ہیں،ٹیکنالوجی سہولت دیتی ہے، مگر علم کی اصل روح کتاب میں محفوظ ہے ۔
سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ کتاب تنقیدی سوچ اور برداشت پیدا کرتی ہے جبکہ مشین صرف ڈیٹا پر کام کرتی ہے،مصنوعی ذہانت کے دور میں کتاب سے جڑا رہنا انسان کو منفرد بناتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو ڈیجیٹل دنیا کے ساتھ ساتھ مطالعے کی عادت اپنانا ہوگی۔خواتین اور نوجوانوں کو کتاب سے جوڑنا ایک باشعور اور مضبوط معاشرے کی ضمانت ہے۔









