کراچی ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز اتھارٹی کی پہلی کھیپ کرغزستان روانہ

کراچی ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز اتھارٹی (ای پی زیڈ اے ) نے اپنی پہلی برآمدی کھیپ کامیابی کے ساتھ زمینی راستے کے ذریعے کرغزستان روانہ کر دی ہے،

اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):کراچی ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز اتھارٹی (ای پی زیڈ اے ) نے اپنی پہلی برآمدی کھیپ کامیابی کے ساتھ زمینی راستے کے ذریعے کرغزستان روانہ کر دی ہے، جو پاکستان کے علاقائی تجارتی روابط کو مضبوط بنانے اور برآمدی دائرہ کار کو وسعت دینے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔چیئرمین ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز اتھارٹی کے مطابق حکومت کی وسیع تر معاشی حکمتِ عملی کے تحت پاکستان کی برآمدات میں اضافے کے لیے مربوط کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ اقدامات وزیرِاعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی ہدایات کے مطابق تیزی سے آگے بڑھائے جا رہے ہیں۔

زمینی راہداری کے ذریعے بھیجی گئی یہ کھیپ وسطی ایشیا کی ابھرتی ہوئی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ اس کھیپ کی مجموعی مالیت 62 ہزار 461 امریکی ڈالر اور 60 سینٹس ہے، جس میں 2,113 پیکجز شامل ہیں۔برآمد کی جانے والی مصنوعات میں ہربل آئلز، ہربل ٹی، مہندی، کریمز اور صابن شامل ہیں، جو پاکستان کی ویلیو ایڈڈ برآمدات کے تنوع اور صلاحیت کو ظاہر کرتی ہیں۔چیئرمین نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات نہ صرف کرغزستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مضبوط بنائیں گے بلکہ خطے میں پاکستانی برآمد کنندگان کے لیے نئے مواقع بھی پیدا کریں گے۔ انہوں نے برآمد کنندگان کو سہولت فراہم کرنے اور “میڈ اِن پاکستان” مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔یہ پیش رفت پاکستان کی برآمدات میں اضافے اور پائیدار معاشی ترقی کے حصول کی جاری کوششوں میں ایک اور اہم سنگِ میل ہے۔