کراچی میں باقاعدہ عوامی سہولت مراکز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، چیئرمین ایف بی آر اب ہر ماہ کے دوسرے ہفتے میں صحافیوں کے ہمراہ کراچی کا دورہ کریں گے ، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب
کراچی میں باقاعدہ عوامی سہولت مراکز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، چیئرمین ایف بی آر اب ہر ماہ کے دوسرے ہفتے میں صحافیوں کے ہمراہ کراچی کا دورہ کریں گے ، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

مزید خبریں
اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر کراچی میں باقاعدہ عوامی سہولت مراکز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین اب ہر ماہ کے دوسرے ہفتے میں صحافیوں کے ہمراہ کراچی کا دورہ کریں گے تاکہ ٹیکس کے حوالے سے شکایات موقع پر حل کر سکیں۔
بدھ کو قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کی منظوری کا عمل مکمل ہونے کے بعد انہوں نے بجٹ کی منظوری پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ ہائوس میں بجٹ سیشن کے دوران دن رات کام کرنے والے افسران اور سٹاف کی خدمات کو سراہا جانا چاہئے۔
انہوں نے اس موقع پر بجٹ اجلاس میں خدمات دینے والے مختلف محکمہ جات کے افسران اور سٹاف کیلئے 6 بنیادی تنخواہوں کے برابر اعزازیہ کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ منظوری کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ انہوں نے آڈیٹر جنرل کی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آئین کے تحت یہ ضروری ہے کہ عوامی فنڈز کو صرف ان کے مختص مقاصد کیلئے اور قانون کے مطابق استعمال کیا جائے ، ایسی رپورٹس پاکستان کے عوامی مالیاتی احتساب کے نظام میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار وفاقی حکومت سے متعلق آڈٹ رپورٹس متعلقہ مالی سال کے اندر ہی پارلیمنٹ میں پیش کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیشرفت حکومت کی مالی شفافیت، موثر آڈٹ نگرانی اور پارلیمانی نگرانی کو مضبوط بنانے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ نے آڈیٹر جنرل آف پاکستان اور ان کی ٹیم کو آئینی ذمہ داریوں کو پیشہ وارانہ انداز، لگن اور محنت کے ساتھ نبھانے پر خراج تحسین پیش کیا۔








