کراچی میں دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے پاکستان رینجرز (سندھ) کے جوانوں کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی،نمازِ جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ،گورنر سندھ، وزیراعلیٰ سندھ، ڈی جی رینجرز، شہداء کے لواحقین اور سینئر سول و عسکری حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔یہاں جاری بیان کے مطابق بھارتی پراکسی جماعت الاحرار کے بزدلانہ دہشت گرد حملے کو ناکام بناتے ہوئے رینجرز کے جوانوں نے جام شہادت نوش …
کراچی میں دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے پاکستان رینجرز (سندھ) کے جوانوں کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی

مزید خبریں
اسلام آباد۔28جون (اے پی پی):کراچی میں دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے پاکستان رینجرز (سندھ) کے جوانوں کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی،نمازِ جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ،گورنر سندھ، وزیراعلیٰ سندھ، ڈی جی رینجرز، شہداء کے لواحقین اور سینئر سول و عسکری حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔یہاں جاری بیان کے مطابق بھارتی پراکسی جماعت الاحرار کے بزدلانہ دہشت گرد حملے کو ناکام بناتے ہوئے رینجرز کے جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
شرکاء نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے جس کا حساب لیا جائے گا،دہشتگردی کرنے والے عناصر چاہیے وہ کہیں بھی ہوں سکیورٹی فورسز ان کا پیچھا کر کے کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔
گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا کہ ہم دہشتگردی کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے ملک سے اس کے خاتمہ کیلئے جدوجہد کرتے رہیں گے،بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردی کو کبھی برداشت نہیں کریں گے اور دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ کر دم لیں گے۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے رینجرز کے بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا جن کو سلام پیش کرتے ہیں،ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمہ کیلئے سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔
نمازِ جنازہ کے بعد شہداء کے جسدِ خاکی ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیئے گئے جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔بعد از نماز جنازہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گورنر سندھ کے ہمراہ اس جگہ کا دورہ بھی کیا جہاں دہشت گردانہ حملہ ہوا تھا،سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔








