کرکٹر سلمان علی آغا کو آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سرزنش کا سامنا

پاکستانی کرکٹر سلمان علی آغا کو بنگلہ دیش کے خلاف سلہٹ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر باضابطہ سرزنش کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ آئی سی سی کے مطابق سلمان علی آغا نے آرٹیکل2۔2 کی خلاف ورزی کی، جو بین الاقوامی میچ کے دوران کرکٹ سامان، گرائونڈ کے آلات یا دیگر اشیا کے ساتھ نامناسب رویے سے متعلق ہے۔

لاہور۔20مئی (اے پی پی):پاکستانی کرکٹر سلمان علی آغا کو بنگلہ دیش کے خلاف سلہٹ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر باضابطہ سرزنش کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ آئی سی سی کے مطابق سلمان علی آغا نے آرٹیکل2۔2 کی خلاف ورزی کی، جو بین الاقوامی میچ کے دوران کرکٹ سامان، گرائونڈ کے آلات یا دیگر اشیا کے ساتھ نامناسب رویے سے متعلق ہے۔ یہ واقعہ پاکستان کی دوسری اننگز کے 82 ویں اوور میں پیش آیا جب سلمان علی آغا آئوٹ ہونے کے بعد پویلین واپس جاتے ہوئے اپنے بلے سے اشتہاری بورڈ پر ضرب لگا بیٹھے۔ اس حرکت پر ان کے خلاف کارروائی کی گئی اور ان کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کر دیا گیا۔

گزشتہ 24 ماہ کے دوران یہ ان کی دوسری خلاف ورزی ہے، جس کے بعد ان کے مجموعی ڈی میرٹ پوائنٹس کی تعداد دو ہوگئی ہے۔ اس سے قبل بھی بنگلہ دیش کے خلاف ایک روزہ میچ کے دوران وہ اسی نوعیت کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے تھے۔ سلمان علی آغا نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے میچ ریفری جیف کرو کی جانب سے دی گئی سزا قبول کر لی، جس کے باعث باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔ ان پر چارج آن فیلڈ امپائرز رچرڈ کیٹلبرو، علائوالدین پالیکر، تھرڈ امپائر کمار دھرماسینا اور فورتھ امپائر مسعود الرحمن نے عائد کیا۔آئی سی سی قوانین کے مطابق لیول ون خلاف ورزی پر کھلاڑی کو سرزنش، میچ فیس کا 50 فیصد تک جرمانہ اور ایک یا دو ڈی میرٹ پوائنٹس دئیے جا سکتے ہیں۔

مزید خبریں