کستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر کی کینیڈا میں فیفا کانگریس سے قبل اہم ملاقاتیں
کستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر کی کینیڈا میں فیفا کانگریس سے قبل اہم ملاقاتیں

مزید خبریں
اسلام آباد۔29اپریل (اے پی پی):پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف)کے صدر سید محسن گیلانی کی قیادت میں وفد نے کینیڈا کے شہر وینکوور میں 36ویں اے ایف سی کانگریس میں شرکت کے بعد اہم ملاقاتیں کیں۔
پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی ، نائب صدر حافظ ذکاء اللہ اور چیف آپریٹنگ آفیسر شاہد نیاز کھوکھر جو جمعرات کو ہونے والی 76ویں فیفا کانگریس میں شرکت کے لئے کینیڈا میں موجود ہیں، نے جرمن فٹ بال ایسوسی ایشن (ڈی ایف بی ) کے صدر برنڈ نیوئنڈورف، کینیڈا ساکر کے صدر پیٹر آگروسو، چینی فٹبال فیڈریشن (سی ایف اے ) کے صدر سونگ کائی اور تاجکستان فٹ بال فیڈریشن (ٹی ایف ایف ) کے نائب صدر جلالوف سکندر سے ملاقات کی۔
جرمن فٹ بال ایسوسی ایشن نے کوچز کی تربیت اور خواتین کے فٹ بال سمیت مختلف شعبوں میں پی ایف ایف کو مکمل تعاون کی پیشکش کی۔
نیوئنڈورف نے پاکستانی کھلاڑیوں اور کوچز کو جرمنی آنے کی دعوت دی تاکہ وہ وہاں کے اعلیٰ معیار کے فٹ بال نظام سے سیکھ سکیں۔ کینیڈا ساکر کے صدر کے ساتھ ملاقات میں پی ایف ایف کے صدر نے فیفا کانگریس کے دوران بہترین میزبانی پر کینیڈا کا شکریہ ادا کیا چونکہ کینیڈا کا فٹ بال ڈھانچہ مضبوط ہے، اس لئے گراس روٹ سطح پر فٹ بال کی ترقی اور کوچ ایجوکیشن کورسز میں تعاون پر بھی بات چیت ہوئی۔
نمائشی میچوں کی ایک سیریز کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا جس میں پی ایف ایف نے کینیڈا میں پاکستانی کمیونٹی کو متحرک کرنے کے لئے اپنے تعاون کی پیشکش کی۔ چینی فٹ بال فیڈریشن کے سربراہ نے چین اور پاکستان کے سفارتی تعلقات کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کو ’آئرن برادرز‘ قرار دیا۔
سی ایف اے نے پاکستان کو فٹسال ٹریننگ میں تعاون کی پیشکش کی جبکہ پی ایف ایف نے سونگ کائی کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔
دونوں فیڈریشنز نے ورلڈ کپ کے بعد ایک تفصیلی ملاقات پر بھی اتفاق کیا۔ دوسری جانب تاجکستان فٹ بال فیڈریشن نے پاکستانی ریفریز کی تربیت میں تعاون کی پیشکش کی اور گول کیپرز کی کوچنگ میں بھی مدد فراہم کرنے کا عندیہ دیا۔
خواتین کے فٹبال کی ترقی کے حوالے سے تعاون پر بھی گفتگو ہوئی۔
یہ ملاقاتیں کینیڈا میں پی ایف ایف وفد کے ایک جامع منصوبہ بندی کا حصہ تھیں جس کے دوران وفد دیگر متعدد فیڈریشنز کے عہدیداران سے بھی ملاقات کرے گا تاکہ فٹ بال کی ترقی کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت کی جا سکے۔








