اسلام آباد۔6فروری (اے پی پی):کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر و پاکستان شاخ کے کنوینئر غلام محمد صفی نے پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام کی جانب سے کشمیری عوام کے ساتھ بے مثال یکجہتی کے اظہار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے حکومتِ پاکستان، افواجِ پاکستان، پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں، دینی و مذہبی تنظیموں، سماجی و فلاحی اداروں، طلبہ تنظیموں، وکلاء، صحافی برادری، سول سوسائٹی اور …
کشمیری عوام کے ساتھ والہانہ یکجہتی پر حکومت پاکستان ،افواجِ پاکستان اور پاکستانی عوام کے مشکور ہیں ، کل جماعتی حریت کانفرنس

مزید خبریں
اسلام آباد۔6فروری (اے پی پی):کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر و پاکستان شاخ کے کنوینئر غلام محمد صفی نے پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام کی جانب سے کشمیری عوام کے ساتھ بے مثال یکجہتی کے اظہار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے حکومتِ پاکستان، افواجِ پاکستان، پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں، دینی و مذہبی تنظیموں، سماجی و فلاحی اداروں، طلبہ تنظیموں، وکلاء، صحافی برادری، سول سوسائٹی اور تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ 5 فروری کو پورے پاکستان اور آزاد کشمیر میں جس منظم، پرامن اور باوقار انداز میں جلسے، جلوس، ریلیاں، سیمینارز، کانفرنسیں اور دیگر تقریبات منعقد کی گئیں وہ نہ صرف اس امر کا مظہر ہیں کہ پاکستانی قوم مسئلہ کشمیر پر متحد ہے بلکہ یہ سرگرمیاں مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے لئے ایک مضبوط اخلاقی سہارا اور حوصلہ افزائی کا ذریعہ بھی بنی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی جبر، ریاستی دہشت گردی، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور مسلسل محاصرے کے باوجود کشمیری عوام کا عزم اس عالمی یکجہتی کے باعث مزید مضبوط ہوا ہے۔
کنوینئر غلام محمد صفی نے واضح کیا کہ یومِ یکجہتی کشمیر کی تقریبات نے بھارت سمیت پوری عالمی برادری کو یہ دو ٹوک پیغام دیا ہے کہ مسئلہ کشمیر ایک زندہ اور حل طلب بین الاقوامی تنازعہ ہے جسے طاقت، جبر، آبادیاتی تبدیلی، فوجی محاصرے یا سیاسی ہتھکنڈوں سے دبایا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے اس امر پر خصوصی زور دیا کہ پاکستان کی یہ حمایت محض علامتی نہیں بلکہ ایک اصولی، اخلاقی اور سفارتی ذمہ داری ہے جو اس وقت تک جاری رہے گی جب تک کشمیری عوام کو ان کا پیدائشی، قانونی اور ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت حاصل نہیں ہو جاتا۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مرکزی نکتہ ہے اور یہ مسئلہ محض جغرافیائی نہیں بلکہ انسانی حقوق، انصاف اور عالمی ضمیر سے جڑا ہوا سوال ہے۔کنوینئر غلام محمد صفی نے کہا کہ وزیراعظمِ پاکستان شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی غیر معمولی مصروفیات کے باوجود مظفرآباد آ کر کشمیری عوام کے ساتھ عملی اظہارِ یکجہتی کرنا اس حقیقت کا واضح ثبوت ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان و کشمیر محض جغرافیائی ہمسائے نہیں بلکہ ایک ملتِ واحدہ ہیں، جن کے دکھ، قربانیاں، جدوجہد اور مستقبل مشترک ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قیادت کی مظفرآباد آمد نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یہ یقین دلایا ہے کہ وہ تنہا نہیں، بلکہ ایک منظم ریاست اور ایک زندہ قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
یہ اقدام نہ صرف کشمیری عوام کے لیے حوصلے کا باعث بنا بلکہ عالمی سطح پر بھی پاکستان کے اصولی مؤقف کو مزید تقویت ملی۔کنوینر غلام محمد صفی نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس وزیراعظمِ پاکستان کی جانب سے کشمیری مہاجرین کے گزراہ الاؤنس میں اضافے کے اعلان کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک دانشمندانہ، انسانی ہمدردی پر مبنی اور قابلِ تحسین فیصلہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی دہائیوں پر محیط قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام آزادی، وقار، انصاف اور حقِ خودارادیت کی منزل حاصل کر کے ایک آزاد مستقبل کی طرف گامزن ہوں گے۔








