کشمیر ہماری شہ رگ ہے’ کشمیری پاکستان کے لئے قربانیاں دے رہے ہیں’ علی امین گنڈا پور

اسلام آباد ۔ 7 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے' کشمیری پاکستان کے لئے قربانیاں دے رہے ہیں' ہم انہیں یہ واضح پیغام دیتے ہیں کہ ان کی جدوجہد آزادی میں ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں' وزیراعظم عمران خان اور دفاعی قیادت نے بھارت کے اقدام پر بھرپور جواب دیاہے' کشمیریوں …

اسلام آباد ۔ 7 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے’ کشمیری پاکستان کے لئے قربانیاں دے رہے ہیں’ ہم انہیں یہ واضح پیغام دیتے ہیں کہ ان کی جدوجہد آزادی میں ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں’ وزیراعظم عمران خان اور دفاعی قیادت نے بھارت کے اقدام پر بھرپور جواب دیاہے’ کشمیریوں کی ظلم و تشدد کے باوجود جدوجہد آزادی پر انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔ بدھ کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر جاری بحث میں حصہ لیتے ہوئے وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہم بھارتی فیصلے کو مسترد اور اس کی مذمت کرتے ہیں۔ اس سے بھارت کا مکروہ چہرہ سامنے آیا ہے۔ مودی بھارت میں صرف ہندو راج چاہتا ہے۔ کشمیری جس طرح لڑ رہے ہیں ہم ان کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ایک لاکھ کشمیری شہید’ ڈیڑھ لاکھ قید’ ایک لاکھ بچے یتیم’ 30 ہزار خواتین بیوہ ہوئیں۔ عالمی برادری اس مسئلہ پر آواز اٹھائے۔ ہم تمام اداروںسے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنا کردار ادا کریں۔ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد ہونا چاہیے۔ کشمیر ہماری شہ رگ ہے۔ کشمیر ہمارے خون میں دوڑتا ہے۔ وہ ہمارے لئے قربانیاں دیں گے۔ بھارت سے پہلے کشمیر کے مسئلہ پر بات ہوگی۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ ہم خون کے آخری قطرے تک جائیں گے۔ دنیا اس پیغام کو سنجیدہ لے۔ افواج پاکستان نے بھی کشمیر کی صورتحال پر واضح موقف دیا۔ کشمیریوں کے لئے پیغام ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد کے لئے ہم ان کے ساتھ ہیں۔ اپوزیشن اس ایوان میں محض تقریریں نہ کرے۔ مودی کو جب اپنی شادیوں پر بلایا جاتا تھا تب کشمیر میں مظالم نہیں تھے۔ جندال بغیر ویزہ پر یہاں آئے اور کہا گیا کہ ان سے ذاتی تعلقات ہیں۔ اوفہ میں کیا ہوا یہ بھی بتائیں۔ پاپا کے لئے بلاول بھٹو نے گزشتہ روز اجلاس میں تاخیر کرائی۔ یو این کی کشمیر کے حوالے سے رپورٹ اس ایوان میں لائیں گے۔