کشمیر ہمارے ایمان کا حصہ ہے، اس کے بغیر پاکستان نامکمل ہے، رانا محمد قاسم نون

کشمیر ہمارے ایمان کا حصہ ہے، اس کے بغیر پاکستان نامکمل ہے، رانا محمد قاسم نون

اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رانا محمد قاسم نون نے کہا ہے کہ کشمیر ہمارے ایمان کا حصہ ہے، اس کے بغیر پاکستان نامکمل ہے، اسلامی، تقافتی اور تاریخی اعتبار سے پاکستان اور کشمیر ایک ہیں، ہم نے ان کے کاز کی ہمیشہ سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کی ہے، مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر اس خطے میں امن ممکن نہیں۔ پیر کو قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال کے بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے رانا قاسم نون نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان، نائب وزیراعظم، فیلڈ مارشل کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، آج پاکستان کے لئے ایک خوشی کا دن ہے کہ جب ایران اور امریکہ کے درمیان امن معاہدہ کو حتمی شکل دی گئی ہے، اس معاہدہ میں پاکستان نے عالمی ثالثی کروا کر بڑا کام کیا ہے۔

اس سے خطہ میں استحکام، امن اور معاشی استحکام آئے گا، اس معاہدے سے تیسری عالمی جنگ کا خطرہ ٹلا ہے، اس کے ثمرات پوری دنیا میں آئیں گے، خطے میں تیل و گیس کے شعبہ میں جو تبدیلیاں آئی ہیں اس سے پاکستان بھی متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں ہم نے مودی کے تکبر و غرور کو خاک میں ملایا، فیلڈ مارشل کی قیادت میں بہادری سے ہماری افواج نے جس طرح معرکہ حق میں کامیابی حاصل کی یہ عسکری تاریخ کا سنہرا باب ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن نے پاکستان کی ان کامیابیوں سے خائف ہوکر بلوچستان، کے پی کے بعد اب آزادکشمیر کا میدان چنا ہے، کشمیر ایک نوبل کاز اور ہمارے ایمان کا حصہ ہے، اس کے بغیر پاکستان نامکمل ہے، اب وہاں آگ لگائی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ فاروق عبداللہ کے بیان کی مذمت کرتے ہیں جہاں 78 سال سے آزادی کی جنگ جاری ہے اور اس کی پاکستان نے ہمیشہ حمایت کی ہے۔

کشمیر تاریخی، ثقافتی، اسلامی اعتبار سے ایک ہیں، مہاجرین کے بغیر کشمیر ادھورا ہے، چوہدری غلام عباس، کے ایچ خورشید، مقبول بٹ بھی مہاجر تھے۔ہم ان عناصر کی مذمت کرتے ہیں جو مٹھی بھر لوگ وہاں حالات خراب کررہے ہیں۔ ہم اوور سیز کشمیریوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو حق خودارادیت اور استصواب رائے کے حل تک جنوبی ایشیا میں امن و استحکام ممکن نہیں، کشمیری ہمارے بھائی ہیں، ان کے دل ہمارے ساتھ دھڑکتے ہیں، قائد اعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا۔ ہم سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جو ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے، نعرے کے علمبردار تھے۔

انہوں نے بجٹ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مشکل معاشی و مالی حالات کے باوجود ایک متوازن بجٹ پیش کیا ہے،صوبوں نے تعاون کیا اس پر ان کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں صنعت،نجکاری پر زور دینا چاہئے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بجٹ میں اضافہ سے غربت کی شرح میں کمی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر آئینی معاملات حل نہیں ہوتے بات چیت سے ہی ان مسائل کا حل ممکن ہے۔ قاسم نون نے کہا کہ بجٹ میں تنخواہوں میں معقول اضافہ کیاگیا ہے۔زراعت ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہے،کسان بہتر ہو گا تو ملک کی معیشت بہتر ہوگی۔زراعت کی بہتری کے لئے اس ایوان کی ایک کمیٹی بنائی جائے۔