کلائی کی انجری کے باعث کارلوس الکاراز ومبلڈن اوپن ٹینس سے دستبردار

شپین کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور دو مرتبہ کے ومبلڈن اوپن چیمپئن کارلوس الکاراز کلائی کی انجری کے باعث رواں برس شیڈول ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کریں گے۔

میڈرڈ۔20مئی (اے پی پی):شپین کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور دو مرتبہ کے ومبلڈن اوپن چیمپئن کارلوس الکاراز کلائی کی انجری کے باعث رواں برس شیڈول ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کریں گے۔بی بی سی کے مطابق ورلڈ نمبر ٹو ہسپانوی ٹینس سٹار کارلوس الکاراز کو گزشتہ ماہ بارسلونا اوپن کے پہلے راؤنڈ میں دائیں کلائی کی انجری کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے بعد وہ فرنچ اوپن سے بھی دستبردار ہوگئے تھے، جہاں وہ مسلسل دو مرتبہ دفاعی چیمپئن تھے۔23 سالہ کارلوس الکاراز نے انسٹاگرام پر جاری بیان میں کہا کہ ان کی صحت میں بہتری آرہی ہے، لیکن وہ ابھی مقابلے کے لیے مکمل طور پر تیار نہیں، اسی لیے انہوں نے کوئنز اور ومبلڈن سمیت پورے گراس کورٹ سیزن سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ دونوں ٹورنامنٹس ان کے لیے بہت خاص اہمیت رکھتے ہیں اور وہ انہیں بہت یاد کریں گے، تاہم جلد واپسی کے لیے بھرپور محنت جاری رکھیں گے۔الکاراز گزشتہ برس ومبلڈن کے دفاعی چیمپئن تھے، تاہم فائنل میں انہیں اپنے اطالوی حریف جینک سنر کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ہسپانوی سٹار کارلوس الکاراز نے رواں برس آسٹریلین اوپن جیت کر کیریئر گرینڈ سلام مکمل کرنے والے کم عمر ترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا تھا، لیکن اب وہ نہ صرف گراس کورٹ سیزن بلکہ کلے کورٹ سیزن کے بیشتر حصے سے بھی محروم رہیں گے۔کارلوس الکاراز کی غیر موجودگی سے عالمی نمبر ون اٹلی کے جینک سنر کے لیے ومبلڈن جیتنے کے امکانات مزید روشن ہوگئے ہیں۔

سنر حالیہ مہینوں میں شاندار فارم میں ہیں اور مسلسل چھ ماسٹرز ایک ہزار ٹائٹلز اپنے نام کرچکے ہیں۔ماہرین کے مطابق کلائی کی انجری ٹینس کھلاڑیوں کے لیے نہایت پیچیدہ ثابت ہوسکتی ہے، خاص طور پر اگر اس کا بروقت اور درست علاج نہ کیا جائے۔یاد رہے کہ سابق امریکی اوپن چیمپئن ڈومینک تھیم بھی کلائی کی انجری کے باعث کیریئر متاثر ہونے کے بعد 2024 میں ریٹائر ہوگئے تھے، جبکہ ارجنٹائن کے خوان مارٹن ڈیل پوٹرو بھی اسی نوعیت کی انجری سے طویل عرصہ پریشان رہے۔

 

مزید خبریں