ایف آئی اے امیگریشن نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے بین الاقوامی آن لائن فراڈ اور سکیمنگ نیٹ ورک سے مبینہ تعلق رکھنے والی خاتون مسافر کو گرفتار کر لیا۔
کمبوڈیا کے بین الاقوامی آن لائن فراڈ نیٹ ورک سے وابستہ خاتون مسافر ایئرپورٹ پر آف لوڈ

مزید خبریں
اسلام آباد۔10جولائی (اے پی پی):وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے کمبوڈیا اور سری لنکا میں سرگرم بین الاقوامی آن لائن فراڈ اور سکیمنگ نیٹ ورک سے مبینہ طور پر منسلک خاتون مسافر کو آف لوڈ کر کے گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق آف لوڈ کی جانے والی مسافرہ کی شناخت فاطمہ ساجد دختر ساجد وحید (سکنہ لاہور) کے نام سے ہوئی ہے۔ خاتون سری لنکا جانے کے لیے ایئرپورٹ پہنچی تھی جہاں امیگریشن کلیئرنس کے دوران مشکوک سفری حالات کی بناء پر اسے تفصیلی جانچ پڑتال کے لیے روک لیا گیا۔دوران تفتیش مسافرہ نے اعتراف کیا کہ وہ اس سے قبل کمبوڈیا میں چینی شہریوں کے زیر انتظام چلنے والے ایک آن لائن سکیمنگ نیٹ ورک میں باقاعدہ کام کر چکی ہے۔ خاتون کے مطابق اسے ملازمت کا جھانسہ دے کر 2 لاکھ روپے وصول کیے گئے تھے جبکہ ویزا اور ٹکٹ کا انتظام بھی اسی گروہ نے کیا تھا۔ وہاں جعلی ’علی ایکسپریس‘ پلیٹ فارم اور ’ٹیلی گرام‘ کے ذریعے مصری شہریوں کو سرمایہ کاری کے نام پر آن لائن فراڈ کا نشانہ بنایا جاتا تھا جس پر چینی آپریٹرز اہداف مکمل کرنے پر تنخواہ اور کمیشن دیتے تھے۔ مسافرہ نے وہاں ایچ آر کی ذمہ داریاں بھی سنبھال رکھی تھیں اور متعدد پاکستانی شہریوں کو اس فراڈ کمپنی میں بھرتی کروایا۔خاتون نے بتایا کہ اس کا دوست ’وکٹر‘ اب اسے سری لنکا بلا رہا تھا جہاں اسے اسی نوعیت کی آن لائن سکیمنگ کمپنی میں دوبارہ ملازمت کی پیشکش کی گئی تھی۔ ایف آئی اے حکام نے مسافرہ کے موبائل فون کے تجزیے سے آن لائن فراڈ، جعلی پلیٹ فارمز، ٹیلی گرام چیٹس اور دیگر اہم ڈیجیٹل شواہد برآمد کر لیے ہیں جن سے انسانی سمگلنگ، بین الاقوامی سائبر فراڈ اور منظم ٹرانس نیشنل جرائم سے تعلقات سامنے آئے ہیں۔ خاتون کو مزید تحقیقات کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔








