کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان نے محمدی گراؤنڈ کا دورہ کیا اور پارک کی بحالی و تزئین و آرائش کے جاری کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈی جی ایم ڈی اے راشد ارشاد اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے
کمشنر ملتان ڈویژن کا محمدی گراؤنڈ کا دورہ ، پارک کی بحالی و تزئین و آرائش کے جاری کاموں کا معائنہ کیا

مزید خبریں
ملتان ۔ 18 ستمبر (اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان نے محمدی گراؤنڈ کا دورہ کیا اور پارک کی بحالی و تزئین و آرائش کے جاری کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈی جی ایم ڈی اے راشد ارشاد اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ کمشنر نے گراؤنڈ میں جاری تعمیراتی کاموں کے معیار کا جائزہ لیا اور معمولی نقائص کی بھی فوری درستگی کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ بحالی کے منصوبے میں تعمیراتی معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور استعمال ہونے والے میٹریل کے معیار پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ تمام کام پائیدار بنیادوں پر مکمل ہوں۔ انہوں نے محمدی گراؤنڈ میں شہریوں کی سہولت کے لیے بینچز، واکنگ ٹریک اور گرین بیلٹس کو مزید بہتر بنانے کے احکامات جاری کیے۔
کمشنر نے ہدایت کی کہ سایہ دار مقامات پر مناسب بینچز نصب کیے جائیں تاکہ شہریوں کو بیٹھنے اور آرام کرنے کی بہتر سہولیات میسر آسکیں۔ کمشنر نے پارک کی چار دیواری کو خوبصورت بنانے کے لیے جدید آرائشی ڈیزائن اور مناسب روشنیوں کے انتظامات کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پارک کی تزئین و آرائش کے ساتھ شہریوں خصوصاً بچوں کی حفاظت کو بھی مدنظر رکھا جائے۔ کمشنر نے کہا کہ محمدی گراؤنڈ میں معیاری میٹریل کے استعمال اور پائیدار تعمیراتی کاموں کو یقینی بنایا جائے۔ پارک کو ایسا خوبصورت، محفوظ اور معیاری تفریحی مقام بنایا جائے جہاں شہریوں کو واک، ورزش اور صحت مند تفریح کی بہتر سہولیات دستیاب ہوں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو کام کی رفتار اور معیار کی مسلسل نگرانی کرنے کی بھی ہدایت کی۔








