کم آمدنی والے گروپوں کیلئے گزشتہ ہفتہ کے دوران مہنگائی کی شرح میں عمومی کمی کا رحجان ، ٹماٹرکی قیمت میں 18.28 فیصد، سرخ مرچ پائوڈر 14.54 فیصد، انڈوں کی قیمت میں 2.23 فیصد کمی ہوئی ، ادارہ برائے شماریات

اسلام آباد۔7جنوری (اے پی پی):ملک میں کم آمدنی رکھنے والے گروپوں کیلئے گزشتہ ہفتہ کے دوران مہنگائی کی شرح میں عمومی کمی ریکارڈکی گئی ہے تاہم مشترکہ آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے افراط زرکی شرح میں 0.08 فیصدکا معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے قیمتوں کے حساس اشاریہ (ایس پی آئی ) بارے ہفتہ واررپورٹ کے مطابق 6 جنوری 2021 کو ختم ہونے والے …

اسلام آباد۔7جنوری (اے پی پی):ملک میں کم آمدنی رکھنے والے گروپوں کیلئے گزشتہ ہفتہ کے دوران مہنگائی کی شرح میں عمومی کمی ریکارڈکی گئی ہے تاہم مشترکہ آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے افراط زرکی شرح میں 0.08 فیصدکا معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے قیمتوں کے حساس اشاریہ (ایس پی آئی ) بارے ہفتہ واررپورٹ کے مطابق 6 جنوری 2021 کو ختم ہونے والے ہفتہ کے دوران روزمرہ استعمال کے 7 ضروری اشیا کی قیمتوں میں کمی اور19 کی قیمتوں میں استحکام رہا، 25 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈکیاگیا۔

گزشتہ ہفتہ میں ٹماٹرکی قیمت 18.28 فیصد، سرخ مرچ پائوڈر 14.54 فیصد، انڈے 2.23 فیصد، ایل پی جی 0.96 فیصد، اری چاول 0.17 فیصد، آٹا 0.06 فیصد اورسرسوں کے تیل کی قیمت میں 0.05 فیصدکی کمی ریکارڈ کی گئی ، اس کے برعکس آلو کی قیمت میں 5.23 فیصد، چکن 4.45 فیصد، کیلا 2.56 فیصد، پیاز2.12 فیصد، دال مسور1.55 فیصد، دال چنا 1.46 فیصد، دال ماش 1.44 فیصد، ڈیزل ونمک 2.75 فیصد، پیٹرول 2.68 فیصد اور ماچس کی قیمتوں میں 1.45 فیصد کا اضافہ ہواہے جس نے ایس پی آئی پر0.43 فیصد نمو کا اثرڈالا۔

گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں ٹماٹرکی قیمت میں 46.76 فیصد، دال مونگ 24.70 فیصد، پیاز 12.02 فیصد، انڈے 7.68 فیصد اورسرخ مرچ پائوڈر کی قیمت میں 3.30 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔

سب سے کم یعنی 17732 روپے ماہوارآمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں گزشتہ ہفتہ کے دوران 0.28 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔ 17,733 روپے سے لیکر 22,888 روپے اور 22889 روپے سے لیکر 29,517 روپے ماہوارآمدنی رکھنے والے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں بالترتیب 0.18 فیصد اور0.10 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی، 29518 روپے سے لیکر 44175 روپے ماہوارآمدنی رکھنے والے والے گروپ کیلئے افراط زرکی صورتحال مستحکم رہی جبکہ 44176 روپے سے زائد ماہوار آمدنی رکھنے والے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 0.22 فیصد کااضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔

ایس پی آئی کا تعین ملک کے 17 شہروں کی 50 مارکیٹوں میں 51 ضروری اشیا کی قیمتوں کی بنیادپرکیا جاتا ہے۔

مزید خبریں