کورونا وائرس سے نجات کی کوششوں میں اللہ کے حضور مدد اور فضل و کرم کی التجاکیلئے ایوان صدر میں خصوصی دعائیہ نشست کا انعقاد ،قائم مقام صدر کا اظہار خیال

اسلام آباد ۔ 17 مارچ (اے پی پی) ملک میں کورونا وائرس سے نجات کی کوششوں میں اللہ تعالیٰ کے حضور مدد اور فضل و کرم کی التجاکیلئے ایوان صدر میں خصوصی دعائیہ نشست کا اہتمام کیا گیا۔ ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ ملک کوکورونا وائرس سے محفوظ رکھے اور متاثرہ افراد کو جلد صحت یاب کرے۔ دعائیہ نشست میں قائم مقام صدر محمد صادق سنجرانی، وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پیر نورالحق قادری اور سینیٹرز شبلی فراز، جاوید عباسی، سجاد طوری، منظورکاکڑ، روبینہ خالد، ستارہ ایاز، رخسانہ زبیری اور اورنگزیب خان نے شرکت کی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے قائم مقام صدر محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ لوگوں کو کورونا وائرس سے بچاؤکے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں۔ انہوں نے علماء اور میڈیا پر زور دیا کہ وہ اس وباء سے بچاؤ کے لیے لوگوں میں ضروری آگاہی پیدا کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔