کورونا وائرس کو شکست دینے میں پاکستان کے ساتھ کھڑے رہیں گے، ترجمان چینی وزارت خارجہ

بیجنگ۔9نومبر (اے پی پی):چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ ون بن نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کو شکست دینے میں پاکستان کے ساتھ کھڑے رہیں گے،چین اور پاکستان کی کورونا وائرس کے خلاف مشترکہ کوششوں کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں جس سے دنیا کے لیے بہترین مثال قائم ہوئی ہے۔ منگل کو یومیہ پریس بریفنگ کے دوران پاکستان کے قومی خبر رساں ادارہ اے پی پی کے …

بیجنگ۔9نومبر (اے پی پی):چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ ون بن نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کو شکست دینے میں پاکستان کے ساتھ کھڑے رہیں گے،چین اور پاکستان کی کورونا وائرس کے خلاف مشترکہ کوششوں کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں جس سے دنیا کے لیے بہترین مثال قائم ہوئی ہے۔

منگل کو یومیہ پریس بریفنگ کے دوران پاکستان کے قومی خبر رساں ادارہ اے پی پی کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹرز ہیں ، کورونا وائرس کی وبا کے آغاز سے دونوں ممالک باہمی امداد میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف دونوں ممالک کی مشترکہ کوششوں سے مثبت پیش رفت ہوئی ہے اور دنیا کے لیے ایک بہترین مثال قائم ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے پاکستانیوں کی ویکسین کی ضروریات کو بہت اہمیت دی ہے،دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون قائم ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ چین نے ویکسین امداد کی فراہمی کے پروگرام اوربرآمدات میں پاکستان کوترجیح دی ہے جس میں تجارتی خریداری اور کوویکس کی سہولت جیسے ذرائع موجود ہیں اس سلسلہ میں چین نے پاکستان کی بھرپور مدد کی ہے اور چند روز قبل چائنا ریڈ کراس سوسائٹی نے پاکستان کو کورونا ویکسین کی 2لاکھ خوراکیں بھیجی ہیں ،انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چینی ویکیسن کی مشترکہ تیاری جاری ہے ، ہم کورونا وائرس کو شکست دینے کی کوششوں میں پاکستان کے ساتھ کھڑے رہیں گے ۔

قبل ازیں ترجمان نے کہا کہ کورونا وائرس کے آغاز سے ہی دونوں ممالک نے وباء کے خلاف اقدامات میں یک دوسرے کے ساتھ تعاون جاری رکھا ، انہوں نے کہا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جس نے سب سے پہلے چین کی اس وقت مدد کی جب چین میں کورونا وائرس کے خلاف جنگ کر رہا تھا۔