کورونا وبا کے خلاف موجودہ حکومت کی حکمت عملی کامیاب رہی ہے، عیدالاضحی کے موقع پر کورونا وبا کے پھیلنے کا خدشہ ہے، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کی وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ

‏وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ،اہم امور پر غور کیا گیا، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز کا ٹویٹ
‏وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ،اہم امور پر غور کیا گیا، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز کا ٹویٹ

اسلام آباد ۔ 7 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ کورونا وبا کے خلاف موجودہ حکومت کی حکمت عملی کامیاب رہی ہے، عیدالاضحی کے موقع پر کورونا وبا کے پھیلنے کا خدشہ ہے، وزیراعظم عمران خان عیدالاضحی گھر پر منانے کا فیصلہ کیا ہے اور عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ عیدالاضحی پر گھروں میں رہیں، وزیراعظم نے معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو احساس پروگرام کا دوسرا مرحلہ شروع کرنے کی ہدایت کی ہے، حکومت نے کورونا وبا اور موجودہ معاشی صورتحال میں متوازن بجٹ پیش کیا ہے، مشتبہ لائسنسوں والے 28 پائلٹوں کو ملازمت سے نکال دیا ہے، جعلی لائسنسوں والے تمام پائلٹس پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے دور میں بھرتی کئے گئے، جعلی پائلٹوں کے معاملہ پر پی آئی اے اور سول ایوی ایشن حکام کے خلاف کارروائی جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا سے پاکستان دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلہ میں کم متاثر ہوا، وزیراعظم عمران خان اور حکومتی ٹیم کی زمینی حقائق کے مطابق حکمت عملی کامیاب رہی ہے، بعض جماعتوں نے اس معاملہ پر سیاست کی، صحت کا مو¿ثر نظام اور معاشی استحکام کے باوجود بعض ممالک اس وبا کا مو¿ثر طریقہ سے مقابلہ نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے خلاف این سی او سی کا کردار قابل تعریف رہا جس میں وفاقی وزرائ، سیاسی و فوجی قیادت، صوبائی وزراءاعلیٰ سمیت دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے، یہاں درست اعداد و شمار کی بنیاد پر حکمت عملی ترتیب دی جاتی تھی جس کے باعث لیبارٹریز، ٹیسٹ نظام میں بہتری سمیت دیگر اقدامات کئے گئے، ابتداءمیں دو لیبارٹریاں تھیں، اب ان کی تعداد 129 ہو گئی ہے، پہلے ہی طبی سامان درآمد کرتے تھے، اب برآمد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امپریل کالج کی سٹڈی سے بھی ثابت ہوتا ہے کہ ہم نے جو حکمت عملی اختیار کی اس سے کورونا کیسز کا گراف نیچے جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی پر خدشہ ہے کہ لوگ زیادہ اکٹھے ہوں گے، جس طرح عیدالفطر کے موقع پر ہوئے تھے، اس سے کورونا کی صورتحال خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عیدالاضحی کیلئے سخت قواعد و ضوابط وضع کئے ہیں، ضلعی انتظامیہ کو ایس او پیز کے حوالہ سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، وزیراعظم عمران خان نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ عیدالاضحی اپنے گھر میں منائیں گے، انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ عید اپنے گھر پر گزاریں۔ انہوں نے کہا کہ جب ہماری حکومت آئی تو تمام معاشی اشاریے منفی تھے، وزیراعظم عمران خان نے کفایت شعاری کی پالیسی اپنائی، اخراجات میں کمی اور آمدن میں اضافہ کی حکمت عملی کامیاب رہی، کورونا کے باعث ٹیکس محصولات میں کمی آئی ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس بجٹ میں کوئی ٹیکس نہیں لگایا گیا اور نہ ہی عوام پر بوجھ ڈالا گیا ہے، کابینہ نے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی کارکردگی کو سراہا ہے، حکومت نے قرضوں پر بھاری سود کی ادائیگی اور پی ایس ڈی پی کیلئے فنڈز مختص کرنے کے باوجود متوازن بجٹ پیش کیا ہے، آمدن اور اخراجات میں توازن پیدا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی ہے، کم وقت میں یہ پروگرام تشکیل دیا گیا تھا، کسی نے اس پروگرام کی شفافیت پر سوال نہیں اٹھایا، غریب لوگوں کو 150 ارب روپے کی مالی مدد فراہم کی گئی ہے، وزیراعظم عمران خان نے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور معاون خصوصی برائے تخیف غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو احساس پروگرام کا دوسرا مرحلہ شروع کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ غریب لوگوں کو مدد فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کابینہ اجلاس میں پائلٹوں کے معاملہ سے متعلق رپورٹ پیش کی۔ اس موقع پر پی آئی اے حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر کراچی حادثہ کے بعد انکوائری شروع کی گئی، ہم سفر کو محفوظ بنانا چاہتے ہیں، ہم پائلٹوں کی کوالیفکیشن میں شفافیت چاہتے ہیں، جن پائلٹوں کے لائسنس مشتبہ پائے گئے تھے ان کو گراﺅنڈ کر دیا گیا، اس حوالہ سے تمام شراکت داروں کو آگاہ کر دیا گیا ہے، 28 پائلٹوں کے خلاف انکوائری مکمل ہونے کے بعد انہیں ملازمت سے نکال دیا گیا ہے، پی آئی اے اور سول ایوی ایشن حکام کے خلاف کارروائی جاری ہے، 2010ءسے 2018ءمیں جعلی اور مشکوک لائسنس جاری کئے گئے، پائلٹوں کو مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے دور حکومتوں میں جعلی لائسنس جاری کئے گئے، ایسے منظم مافیا کے خلاف بلاخوف و خطر کارروائی جاری رہے گی، پی آئی اے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی میں اصلاحات کا عمل جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں شوگر انکوائری کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے بتایا کہ شوگر ریفارمز کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، چینی کی سپلائی چین میں بہتری لائی جا رہی ہے تاکہ عوام کو سستی چینی کی فراہمی کے مواقع پیدا ہوں۔ وفاقی کابینہ نے منی لانڈرنگ کے قانون کو مزید مو¿ثر بنانے کی منظوری دی۔ منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلئے مو¿ثر قانون سازی کی گئی ہے کیونکہ منی لانڈرنگ سے برآمدات و درآمدات کو نقصان ہوتا تھا۔ وفاقی کابینہ نے منور حسین کو سی ای او ایگرو فوڈ پراسسینگ ملتان تعینات کرنے کی منظوری دی۔ وفاقی کابینہ نے سیّد میکال حسین، عمران وحید الدین اور مراد انصاری کو ایس ٹی ڈی سی ٹیکنالوجی کمرشلائزیشن کارپوریشن آف پاکستان کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبران تعینات کرنے کی منظوری دی۔ اجلاس میں کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے 2 جولائی کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ڈرگ پراسیسنگ پالیسی 2018ءکو ڈرگ ایکٹ 1976ءکے مطابق بنانے کی ترمیم کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں راحت کونین حسن، شمائلہ لون اور مجتبیٰ لودھی کو تین سال کیلئے مسابقتی کمیشن آف پاکستان میں تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے راحت کونین حسن کو چیئرمین مسابقتی کمیشن آف پاکستان تعینات کرنے کی بھی منظوری دی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ چینی کا جو مسئلہ پیدا ہوا اس پر نظر رکھنا مسابقتی کمیشن آف پاکستان کی ذمہ داری تھی، اب اس ادارہ میں میرٹ پر تعیناتیاں کی گئی ہیں، ماضی میں جن اداروں کو مفلوج کیا گیا ہم ان کو بحال کر رہے ہیں۔