کورونا کی دوسری لہر انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے، عوام احتیاط کریں، اسدعمر

اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات اسد عمر نے کورونا کی شدت کا احساس دلانے کی کوشش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے رویے سے نہیں لگ رہا کہ انھیں کسی بات کی فکر ہے، کورونا کی دوسری لہر انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔اسلام آباد میں معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں انہوں نے پاکستان میں وبائی مرض …

اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات اسد عمر نے کورونا کی شدت کا احساس دلانے کی کوشش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے رویے سے نہیں لگ رہا کہ انھیں کسی بات کی فکر ہے، کورونا کی دوسری لہر انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔اسلام آباد میں معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں انہوں نے پاکستان میں وبائی مرض کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال اور مستقبل میں درپیش خطرے پر تفصیلی بات کی۔اسد عمر نے کہاکہ حکومت کیلئے سکولز بند کرنے کا فیصلہ آسان نہیں تھا۔ 11 جنوری 2021ء سے حالات دیکھ کر سکولز کھلنے کا امکان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریسٹورنٹس کو بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک میں بھی کورونا کی دوسری لہر کی شدت زیادہ ہے تاہم لوگوں کے رویوں سے لگ رہا کہ انہیں کورونا کی شدت کا احساس ہے۔ بدقسمتی سے ملک میں بڑے بڑے اجتماعات ہو رہے ہیں۔اسد عمر نے کہا کہ ہم نے شروع میں لاک ڈاؤن کیا تو غریب لوگ متاثر ہوئے تھے۔ ایسے حالات نہیں چاہتے جس سے روزگار اور زندگیوں کو خطرہ ہو۔ حکومت نے احساس پروگرام کا دوسرا مرحلہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ کورونا سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس کل بلایا ہے۔ اجلاس میں سیاسی قائدین کو مدعو کیا گیا ہے۔ سیاستدانوں کو موجودہ صورتحال میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے،بند کمروں والے ریسٹورنٹس کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،کھلی جگہوں پر قائم کھانے پینے والے سٹال اور ڈھابوں پر پابندی نہیں ہو گی۔انہوں نے کہا کہ بڑے اجتماعات پر پابندی کے فیصلے کی اسلام آباد ہائیکورٹ سے بھی توثیق ہو چکی ہے،ملک میں سیاست پر پابندی نہیں، آگاہی فراہم کرنا سیاسی رہنماؤں کی ذمہ داری ہے۔اسد عمر نے کہا کہ کورونا کی پہلی لہر کے دوران متوسط طبقہ شدید متاثر ہوا تھا،سپیکر سے درخواست ہے کہ کورونا کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس جلد بلایا جائے۔انہوں نے کہاکہ تین ہفتوں کے دوران کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔احتیاط نہ برتی تو 2ہفتے کے بعد جون والی صورتحال کا سامنا کرناپڑ سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ کورونا وباء کے باعث شرح اموات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔