کورٹینا ونٹر اولمپکس 2026،کینیڈا سے شکست کے بعد برطانوی کرلنگ ٹیم کی سیمی فائنل تک رسائی خطرے میں

کورٹینا۔18فروری (اے پی پی):انگلینڈ کی کرلنگ ٹیم کی سرمائی اولمپکس 2026میں تمغہ جیتنے کی امیدوں کو اس وقت بڑا دھچکا پہنچا جب اسے کینیڈین مینز کرلنگ ٹیم کے ہاتھوں 5-9 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بی بی سی کے مطابق اٹلی کے شہرکورٹینا ڈی امپیزو میں کھیلے گئے اس اہم مقابلے کے بعد برطانوی ٹیم کی اگلے مرحلے تک رسائی اب اس کے اپنے ہاتھ میں نہیں رہی۔سکاٹ لینڈ …

کورٹینا۔18فروری (اے پی پی):انگلینڈ کی کرلنگ ٹیم کی سرمائی اولمپکس 2026میں تمغہ جیتنے کی امیدوں کو اس وقت بڑا دھچکا پہنچا جب اسے کینیڈین مینز کرلنگ ٹیم کے ہاتھوں 5-9 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بی بی سی کے مطابق اٹلی کے شہرکورٹینا ڈی امپیزو میں کھیلے گئے اس اہم مقابلے کے بعد برطانوی ٹیم کی اگلے مرحلے تک رسائی اب اس کے اپنے ہاتھ میں نہیں رہی۔سکاٹ لینڈ سے تعلق رکھنے والے کپتان بروس مائوٹ کی قیادت میں برطانوی ٹیم کو طلائی تمغے کی مضبوط امیدوار قرار دیا جا رہا تھا، مگر ابتدائی مرحلے میں 8 میں سے 4 مقابلوں میں ناکامی نے صورت حال پیچیدہ بنا دی ہے۔

اب برطانیہ کو اپنے آخری مقابلے میں امریکی مینز کرلنگ ٹیم کو ہر صورت شکست دینا ہوگی، ساتھ ہی یہ امید بھی رکھنا ہوگی کہ میزبان اٹلی یا ناروے اپنے بقیہ دونوں مقابلوں میں کامیابی حاصل نہ کر سکیں۔کینیڈین ٹیم جس کی قیادت بریڈ جیکبزکر رہے ہیں نے ابتدا ہی سے بہتر کھیل پیش کیا اور ابتدائی حصوں میں برتری حاصل کر لی۔ اگرچہ برطانوی کھلاڑیوں نے عمدہ واپسی کرتے ہوئے سبقت حاصل کی، لیکن ساتویں مرحلے میں ایک غیر متوقع اچھال نے مقابلے کا رخ بدل دیا اور کینیڈا کو تین قیمتی پوائنٹس مل گئے۔

مقابلے کے بعد انگلینڈ ٹیم کے نائب کپتان گرانٹ ہارڈی نے اعتراف کیا کہ اہم مواقع پر ہونے والی غلطیوں نے ٹیم کو نقصان پہنچایا اور اب مزید کوتاہی کی گنجائش نہیں رہی۔دوسری جانب برطانیہ کی خواتین ٹیم بھی نازک صورت حال سے دوچار ہے اور اسے اگلے مرحلے میں جگہ بنانے کے لیے اپنے تمام باقی مقابلے جیتنا ہوں گے۔ برطانوی شائقین کی نظریں اب آخری مقابلے پر مرکوز ہیں، جہاں کامیابی ہی امیدوں کو زندہ رکھ سکتی ہے۔