کولمبو ، سری لنکا کرکٹ کی جانب سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا اہتمام

کولمبو ۔15فروری (اے پی پی):کولمبو میں سری لنکا کرکٹ کی جانب سے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں کھیل کے فروغ کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر سری لنکا کرکٹ کے صدر شامئے سلوا اور دیگر اعلیٰ عہدیداران نے محسن نقوی سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور …

کولمبو ۔15فروری (اے پی پی):کولمبو میں سری لنکا کرکٹ کی جانب سے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں کھیل کے فروغ کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر سری لنکا کرکٹ کے صدر شامئے سلوا اور دیگر اعلیٰ عہدیداران نے محسن نقوی سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔تقریب میں سری لنکن وزیر کھیل سنیل سناوی، سیکرٹری دفاع سمپاتھ تویا کونتھسے، چیف ایگزیکٹو آفیسر سری لنکا کرکٹ ایشلے ڈی سلوا، سجیوا گوڈالیاڈا اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

پاکستان کی جانب سے وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین، چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد اور چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر نے بھی اس خصوصی تقریب میں شرکت کی۔دونوں کرکٹ بورڈز نے کرکٹ کے فروغ اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر سری لنکا کرکٹ نے کولمبو آمد پر معزز مہمان چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈمحسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔

محسن نقوی نے شاندار میزبانی پر سری لنکا کرکٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ ایک جنٹلمین کھیل ہے جو محبت، احترام اور قربتوں کو فروغ دینے کا ذریعہ بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کولمبو آکر انہیں بے حد خوشی ہوئی اور دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ روابط مزید مستحکم ہوں گے۔