کوہستان لوئر میں شاہراہ قراقرم پر کار حادثہ، 6 افراد جاں بحق

کوہستان لوئر میں شاہراہ قراقرم پر کار حادثہ کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔

ایبٹ آباد۔ 02 جون (اے پی پی):کوہستان لوئر میں شاہراہ قراقرم پر کار حادثہ کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔ کوہستان لوئر پولیس کے مطابق گلگت سے راولپنڈی جانے والی کار نمبر AFB-324 تھانہ پٹن کی حدود تریس بانڈہ کے مقام پر حادثے کا شکار ہو گئی۔ حادثے کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 6 افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ پٹن، چوکی کیرو، چوکی مٹہ بانڈہ پولیس نفری اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ مقامی افراد کے تعاون سے امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں۔ ابتدائی طور پر 3 نعشوں کو ریسکیو کر کے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پٹن منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ دشوار گزار علاقے کی وجہ سے مزید 3 نعشوں کو سڑک تک منتقل کرنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ جاں بحق افراد میں سلیمان خان ولد محمود تاج سکنہ گلی نمبر 2 مظفرآباد، محمد شعبان ولد اختر میاں سکنہ چنو خانیوال، عمران، دانیال شامل ہیں جبکہ 2 افراد کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی۔