کھمبی کی کاشت کیلئے محکمانہ سفارشات پر عملدرآمد کی ہدایت

فیصل آباد۔13 جولائی (اے پی پی ) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو کھمبی کی کاشت کیلئے محکمانہ سفارشات پر عملدرآمد کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار صدف نما کھمبی ، بٹن یا یورپی کھمبی ، چینی کھمبی، شاہ بلوط کی کھمبی سمیت دیگر اقسام کاشت کر کے بھاری منافع حاصل کرسکتے ہیں۔ محکمہ زراعت کے ذرائع نے بتایاکہ کھمبی کو عرف عام میں مشروم بھی کہاجاتاہے۔ انہوںنے کہاکہ کھمبی یا مشروم میں لحمیات کی مقدار 21.7 سے لے کر 40.8 فیصد تک ہوتی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ کھمبی جہاں وٹامنز کا اہم ترین ذریعہ ہے وہیں اس کااستعمال شوگر ، دل کے مریضوں کیلئے مثالی غذا اور موٹاپے کاشکار افراد کیلئے بہترین علاج بھی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ کھمبی کو پلاٹس ، کھیتوں کے علاوہ کمروں ، شیلفوں یا پولی تھین کے تھیلوں میں بھی کاشت کیا جا سکتا ہے ۔