کھیل کے میدان میں ائیر پورٹ سکیورٹی فورس کی انٹری، پاکستان سپورٹس بورڈ نے اے ایس ایف کو’’پلیئنگ رائٹس‘‘ کی منظوری دے دی

اسلام آباد۔22فروری (اے پی پی):پاکستان میں کھیلوں کے افق پر ایک نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے۔ پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے ایئرپورٹ سکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے سپورٹس ڈائریکٹوریٹ کو باقاعدہ طور پر تسلیم کرتے ہوئے اسے ملک بھر میں کھیلنے کے جملہ حقوق (پلیئنگ رائٹس) تفویض کر دیئے ہیں۔ اس فیصلے کے بعد اب اے ایس ایف کے شاہین نہ صرف ایئرپورٹس کی حفاظت …

اسلام آباد۔22فروری (اے پی پی):پاکستان میں کھیلوں کے افق پر ایک نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے۔ پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے ایئرپورٹ سکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے سپورٹس ڈائریکٹوریٹ کو باقاعدہ طور پر تسلیم کرتے ہوئے اسے ملک بھر میں کھیلنے کے جملہ حقوق (پلیئنگ رائٹس) تفویض کر دیئے ہیں۔

اس فیصلے کے بعد اب اے ایس ایف کے شاہین نہ صرف ایئرپورٹس کی حفاظت کریں گے بلکہ کھیل کے میدانوں میں بھی اپنی مہارت کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے۔پاکستان سپورٹس بورڈ کے 35ویں اجلاس میں اے ایس ایف کی جانب سے پیش کی گئی درخواست کو منظور کر لیا گیا۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد وقار احمد کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اے ایس ایف سپورٹس ڈائریکٹوریٹ کو پی ایس بی کے آئین 2022 کے تحت ایک مستند سپورٹس فیڈریشن کا درجہ دے دیا گیا ہے۔اس اہم پیش رفت کے بعد اے ایس ایف اب قومی سطح کے ٹورنامنٹس اور مقابلوں میں اپنی ٹیمیں اتارنے کی اہل ہوگی۔

تاہم، بورڈ نے یہ شرط بھی رکھی ہے کہ اے ایس ایف کو اپنے تمام کھیلوں کے ڈھانچے اور سرگرمیوں کو قومی سپورٹس پالیسی اور پی ایس بی کے قوانین کے عین مطابق رکھنا ہو گا۔ سپورٹس ماہرین کا کہنا ہے کہ اے ایس ایف جیسے منظم ادارے کی شمولیت سے پاکستان میں کھیلوں کے معیار میں بہتری آئے گی اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو اپنی کارکردگی دکھانے کے لیے ایک نیا اور مضبوط پلیٹ فارم میسر آئے گا۔