فرانس کے سپر سٹار کیلین ایمباپے کے جادوئی کھیل اور نئے عالمی ریکارڈ کی بدولت فرانس نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے سینیگال کی ٹیم کو 1-3 گول سے ہرا دیا۔ای ایس پی این کے مطابق فرانسیسی کپتان کیلین ایمباپے نے دو شاندار گول سکور کر کے اولیور جیرود کو پچھاڑتے ہوئے ملک کے آل ٹائم ٹاپ سکورر کا تاج بھی اپنے سر سجا لیا ہے۔
کیلین ایمباپے نے جیرود کا ریکارڈ توڑ دیا، فرانس کا فاتحانہ آغاز،سینیگال کو 1-3 سے ہرا دیا
نیوجرسی۔17جون (اے پی پی):فرانس کے سپر سٹار کیلین ایمباپے کے جادوئی کھیل اور نئے عالمی ریکارڈ کی بدولت فرانس نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے سینیگال کی ٹیم کو 1-3 گول سے ہرا دیا۔ای ایس پی این کے مطابق فرانسیسی کپتان کیلین ایمباپے نے دو شاندار گول سکور کر کے اولیور جیرود کو پچھاڑتے ہوئے ملک کے آل ٹائم ٹاپ سکورر کا تاج بھی اپنے سر سجا لیا ہے۔کیلین ایمباپے نے دو جبکہ بریڈلی بارکولا نے ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ سینیگال کی جانب سے واحد گول ابراہیم مبائے نے سکورکیا۔میٹ لائف سٹیڈیم، ایسٹ رودر فورڈ،نیوجرسی میں دونوں ٹیموں کے درمیان میچ شروع ہوا تو پہلے ہاف میں سینیگال نے فرانسیسی دفاع کو سخت دباؤ میں رکھا اور کئی خطرناک مواقع بھی بنائے۔
نکولس جیکسن کا زوردار شاٹ پوسٹ سے ٹکرا گیا جبکہ اسماعیلا سار بھی نصف وقت کے اختتام پر سنہری موقع ضائع کر بیٹھے۔دوسرے ہاف میں فرانس نے جارحانہ انداز اپنایا اور کھیل کا رخ بدل دیا۔ فرانس کے کپتان کیلین ایمباپے نے 66ویں منٹ پر ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو سینیگال کے خلاف 0-1 کی برتری دلائی۔اس کے بعد میچ کے 82ویں منٹ پر بریڈلی بارکولا نے ایک گول کر کے مقابلہ 0-2 کر دیا۔کھیل کے اختتامی منٹوں میں سینیگال کے ابراہیم مبائے نے ایک خوبصورت گول کر کے میچ میں سنسنی پیدا کی اور سکور 1-2 کر کے فرانسیسی کیمپ میں ہلچل مچا دی لیکن اضافی وقت میں فرانسیسی کپتان کیلین ایمباپے نے ڈی باکس کے باہر سے ایک سحر انگیز لانگ رینج شاٹ کے ذریعے گیند کو سیدھا نیٹ میں پہنچا کر سینیگال کی واپسی کی امیدوں کا خاتمہ کر دیا۔
اس شاندار ڈبل سکور کے ساتھ کیلین ایمباپے کی فرانس کے لیے مجموعی انٹرنیشنل گولز کی تعداد 58 ہو گئی ہے اور وہ اولیور جیرود کو پیچھے چھوڑ کر فرانسیسی فٹ بال کی تاریخ کے عظیم ترین سٹرائیکر بن گئے ہیں۔اس فتح کے ساتھ ہی فرانس نے نہ صرف میگا ایونٹ میں اپنی مہم کا آغاز فاتحانہ انداز میں کیا بلکہ اپنے گروپ آئی میں تین قیمتی پوائنٹس بھی حاصل کرلیے۔








