جنوبی کوریا کی گاڑیوں کی برآمدات مسلسل دوسرے ماہ کمی

جنوبی کوریا کی گاڑیوں کی برآمدات میں رواں سال مئی کے دوران مسلسل دوسرے ماہ کمی ریکارڈ کی گئی جس کی بنیادی وجوہات کم کاروباری دن اور آٹو پارٹس کی پیداوار میں رکاوٹ قرار دی جا رہی ہیں۔

سیئول۔17جون (اے پی پی):جنوبی کوریا کی گاڑیوں کی برآمدات میں رواں سال مئی کے دوران مسلسل دوسرے ماہ کمی ریکارڈ کی گئی جس کی بنیادی وجوہات کم کاروباری دن اور آٹو پارٹس کی پیداوار میں رکاوٹ قرار دی جا رہی ہیں۔شنہوا کے مطابق بدھ کو وزارت تجارت، صنعت اور توانائی کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مئی میں گاڑیوں کی برآمدات سالانہ بنیادوں پر 5.9 فیصد کم ہو کر 5.83 ارب امریکی ڈالر رہیں جبکہ اپریل میں بھی ان میں 5.5 فیصد کمی دیکھی گئی تھی۔رپورٹ کے مطابق اس کمی کی وجہ کم ورکنگ ڈیز کے علاوہ ایک مقامی آٹو پارٹس سپلائر کی فیکٹری میں لگنے والی آگ تھی جس سے گاڑیوں کی پیداوار متاثر ہوئی۔

اعداد و شمار کے مطابق امریکا کو گاڑیوں کی برآمدات 2.9 فیصد کم ہو کر 2.44 ارب ڈالر رہ گئیں جبکہ یورپی یونین کو برآمدات 6.5 فیصد کمی کے بعد 783 ملین ڈالر تک محدود رہیں۔اسی طرح ایشیائی ممالک کو گاڑیوں کی برآمدات میں بھی دو ہندسوں کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی اور یہ 428 ملین ڈالر تک گر گئیں۔دوسری جانب ماحول دوست گاڑیوں کی عالمی طلب بدستور مضبوط رہی، جس کے باعث ان کی برآمدات مئی میں سالانہ بنیادوں پر 9.9 فیصد اضافے کے ساتھ 2.40 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں۔ان ماحول دوست گاڑیوں میں الیکٹرک وہیکلز ، فیول سیل الیکٹرک وہیکلز، ہائبرڈ الیکٹرک وہیکلز اور پلگ اِن ہائبرڈ الیکٹرک وہیکلز شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مئی میں برآمد کی جانے والی گاڑیوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 30 ہزار 72 رہی، جو گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 6.6 فیصد کم ہے جبکہ آٹو پارٹس کی برآمدات بھی 3 فیصد کمی کے بعد 1.61 ارب ڈالر رہیں۔ملک میں مقامی فیکٹریوں میں تیار کی جانے والی گاڑیوں کی تعداد بھی 8.2 فیصد کم ہو کر 3 لاکھ 29 ہزار 559 یونٹس رہ گئی۔ادھر جنوبی کوریا کے اندر مقامی اور درآمد شدہ گاڑیوں سمیت مجموعی فروخت 1 لاکھ 27 ہزار 315 یونٹس ریکارڈ کی گئی جو ایک سال قبل کے مقابلے میں 10.3 فیصد کم ہے۔