برطانیہ کے شہزادہ جارج رواں سال ستمبر سے معروف نجی تعلیمی ادارے ایٹن کالج میں تعلیم حاصل کریں گے۔ اردو نیوز کے مطابق کینسنگٹن پیلس نے اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے والد اور ولی عہد شہزادہ ولیم کے نقشِ قدم پر چلیں گے۔
برطانیہ ، شہزادہ جارج ایٹن کالج میں داخلہ لیں گے
پیرس۔17جون (اے پی پی):برطانیہ کے شہزادہ جارج رواں سال ستمبر سے معروف نجی تعلیمی ادارے ایٹن کالج میں تعلیم حاصل کریں گے۔ اردو نیوز کے مطابق کینسنگٹن پیلس نے اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے والد اور ولی عہد شہزادہ ولیم کے نقشِ قدم پر چلیں گے۔12 سالہ شہزادہ جارج، جو شہزادہ ولیم کے سب سے بڑے صاحبزادے ہیں اور مستقبل میں بادشاہ بننے کی صف میں شامل ہیں، اپنی ثانوی تعلیم دنیا بھر کے مشہور ایٹن کالج میں مکمل کریں گے۔ اس ادارے کی سالانہ فیس 63 ہزار پاؤنڈ (تقریباً 85 ہزار امریکی ڈالر) سے زائد ہے۔
کینسنگٹن پیلس نے مختصر بیان میں کہا کہ ’کینسنگٹن پیلس اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ شہزادہ جارج رواں سال ستمبر سے ایٹن کالج میں داخلہ لیں گے۔شہزادہ ولیم، جو باضابطہ طور پر پرنس آف ویلز کہلاتے ہیں، اور ان کے چھوٹے بھائی شہزادہ ہیری، ڈیوک آف سسیکس، دونوں اسی ممتاز تعلیمی ادارے کے طالب علم رہ چکے ہیں۔ایٹن کالج سے برطانیہ کے 20 سابق وزرائے اعظم نے بھی تعلیم حاصل کی ہے، جن میں بورس جانسن اور ڈیوڈ کیمرون شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اداکار ٹام ہڈلسٹن اور جیمز بانڈ کے خالق ایان فلیمنگ جیسی معروف شخصیات بھی یہاں سے تعلیم حاصل کر چکی ہیں۔شہزادہ جارج کے دادا، بادشاہ چارلس سوم، نے سکاٹ لینڈ کے علاقے ہائی لینڈز میں واقع گورڈنسٹون سکول میں تعلیم حاصل کی تھی، جہاں ان کے والد ڈیوک آف ایڈنبرا بھی زیرِ تعلیم رہے تھے۔
فی الحال یہ واضح نہیں کہ شہزادہ جارج ایٹن کالج میں رہائشی طالب علم (بورڈنگ) ہوں گے یا نہیں، کیونکہ یہ ادارہ ان کے خاندان کی ونڈسر میں واقع رہائش گاہ فارسٹ لاج سے صرف چند کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔تاہم نوجوان شہزادہ 2022 سے لیم بروک سکول میں رہائشی طالب علم کے طور پر زیرِ تعلیم ہیں۔ اس نجی پریپریٹری سکول میں ان کے ساتھ ان کی بہن شہزادی شارلٹ (11 سال) اور بھائی شہزادہ لوئس (8 سال) بھی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
برطانیہ میں اشرافیہ اور طبقاتی تقسیم کی علامت سمجھے جانے والے ایٹن کالج کی بنیاد بادشاہ ہنری ششم نے 1440 میں رکھی تھی۔یہ ادارہ 13 سے 18 سال عمر کے لڑکوں کو تعلیم فراہم کرتا ہے اور آج بھی اپنی کئی روایات برقرار رکھے ہوئے ہے۔ ان میں مخصوص یونیفارم شامل ہے، جس میں سیاہ ٹیل کوٹ، سیاہ واسکٹ، سفید قمیص، بو ٹائی اور دھاری دار پتلون شامل ہیں۔کالج کی ویب سائٹ کے مطابق ہر سال تقریباً 1,350 طلبہ یہاں داخلہ حاصل کرتے ہیں۔








