انگلینڈ اور آئرلینڈ کے درمیان سائوتھمپٹن میں کھیلے گئے آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ2026 کے میچ میں انگلینڈ نے آئرلینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی۔
انگلینڈ نے آئرلینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر کامیابی اپنے نام کر لی
لاہور۔17جون (اے پی پی):انگلینڈ اور آئرلینڈ کے درمیان سائوتھمپٹن میں کھیلے گئے آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ2026 کے میچ میں انگلینڈ نے آئرلینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی۔
آئی سی سی کی میڈیا ریلیز کے مطابق بارش کے باعث میچ ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا، جس کے بعد انگلینڈ کی کپتان نیٹ سیور برنٹ نے ٹاس جیت کر آئرلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔آئرلینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں9 وکٹوں کے نقصان پر118 رنز بنا سکی۔ اورلا پرینڈرگاسٹ اور لوئز لٹل 26، 26 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔
انگلینڈ کی جانب سے چارلی ڈین نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے2 وکٹیں صرف11 رنز دے کر حاصل کیں جبکہ سوفی ایکلسٹون نے3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔انگلینڈ کا آغاز اچھا نہ رہا119 رنز کے ہدف کے تعاقب میں28 رنز پر تین وکٹیں گر گئیں۔ تاہم کپتان نیٹ سیور برنٹ اور تجربہ کار ہیذر نائٹ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کے لیے64 رنز کی اہم شراکت قائم کی اور ٹیم کو مشکلات سے نکال لیا۔
ہیذر نائٹ26 رنز بنا کر آئوٹ ہوئیں جبکہ نیٹ سیور برنٹ نے48 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ تاہم فتح سے چند لمحے قبل وہ پنڈلی میں کھچائو کے باعث ریٹائرڈ آئوٹ ہو گئیں۔ اس کے باوجود انگلینڈ نے ہدف حاصل کرتے ہوئے 4 وکٹوں سے کامیابی اپنے نام کر لی۔ اس فتح کے ساتھ انگلینڈ نے ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری جیت حاصل کر لی۔








