کینسر کے مریضوں کے لیے ریڈیوتھراپی سہولت میں اضافہ، کرن ہسپتال کراچی میں دوسری ہیلسیون لیناک مشین کا افتتاح

کراچی۔20جنوری (اے پی پی):کراچی انسٹیٹیوٹ آف ریڈیوتھراپی اینڈ نیوکلیئرمیڈیسن (کرن) جو پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن (PAEC) کے زیرِانتظام ملک کا سب سے بڑا سرکاری شعبے کا کینسر ہسپتال ہے، نے جدید ترین دوسرے ہیلسیون لینیئر ایکسلریٹر کا افتتاح کر دیا ہے جس سے کینسر کے مریضوں کے لیے جدید ریڈیوتھراپی سہولت میں خاطر خواہ اضافہ ہو گیا ہے۔ اس اضافہ کے ساتھ کرن ہسپتال اس وقت چار لینیئر ایکسلریٹرآپریٹ کررہا …

کراچی۔20جنوری (اے پی پی):کراچی انسٹیٹیوٹ آف ریڈیوتھراپی اینڈ نیوکلیئرمیڈیسن (کرن) جو پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن (PAEC) کے زیرِانتظام ملک کا سب سے بڑا سرکاری شعبے کا کینسر ہسپتال ہے، نے جدید ترین دوسرے ہیلسیون لینیئر ایکسلریٹر کا افتتاح کر دیا ہے جس سے کینسر کے مریضوں کے لیے جدید ریڈیوتھراپی سہولت میں خاطر خواہ اضافہ ہو گیا ہے۔ اس اضافہ کے ساتھ کرن ہسپتال اس وقت چار لینیئر ایکسلریٹرآپریٹ کررہا ہے جن میں دوہیلسیون سسٹم ہیں۔جدید Halcyon مشین آئی ایم آر ٹی( IMRT)اوروی ایم اے ٹی (VMAT) تکنیکوں کے ذریعے کینسر کا انتہائی درست علاج فراہم کرتی ہے جس سے علاج کی درستگی اور مریض کی دیکھ بھال بہتر ہوتی ہے۔

کرن ہسپتال اس وقت روزانہ تقریباً 250 کینسر مریضوں کو ریڈیوتھراپی فراہم کرتا ہے جو ملک میں کسی بھی کینسر ہسپتال کے لیے مریضوں کی سب سے زیادہ یومیہ تعداد ہے۔ دوسری ہیلسیون لینیئر ایکسلریٹر کے افتتاح کے بعد روزانہ علاج کی صلاحیت بڑھ کر تقریباً 400 مریض یومیہ تک پہنچ جائے گی جس سے کینسر کے مریضوں کا ریڈیوتھراپی کے لیے انتظار کا وقت نمایاں طور پر کم ہو جائے گا۔دوسری ہیلسیون مشین کی شمولیت ،کرن ہسپتال کے کراچی میں ریڈیو تھراپی کے سب سے بڑے مرکز ہونے کے کردار کو مزید مضبوط کرتی ہے اور کرن ہسپتال کے مزید خاندانوں کے لیے کینسر کے علاج کے لیے جدید علاج تک رسائی بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔

اسٹیک ہولڈرز کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ اس بات کی مثال ہے کہ ہسپتال، کمیونٹی ادارے اور ٹیکنالوجی پارٹنرز مل کر کیسے کام کریں جس سے جدید کینسر کیئر زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کے لیے،ان کی مالی حیثیت سے قطع نظر،قابلِ حصول ہو سکے۔یہ اہم اضافہ کرن پیشنٹس ویلفیئر سوسائٹی (KPWS) اوراسٹریٹیجک پلانز ڈویژن (SPD) کی فراخدلانہ معاونت سے ممکن ہوا ہے جس سے تمام مستحق کینسر مریضوں کو اس مشین پر مفت علاج فراہم کیا جائے گا۔ ہیلسیون سسٹم کوجدید امیج گائیڈنس (Image guidance) کے ذریعے انتہائی درست ریڈیوتھراپی کوعلاج کے ہرسیشن میں کےفراہم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ جس سے مریض کی پوزیشن ہر بار یکساں رکھنے اور تمام ٹیومر سائٹس پر درست ڈلیوری میں مدد ملتی ہے۔

یہ پلیٹ فارم ایک کمپیکٹ اور مریض دوست (Patient-centred) ورک فلو کے تحت ہر قسم کے ٹیومرز کے علاج کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، جبکہ کلینیکل ٹیموں کے لیے سیشنز کو مؤثر اور کم وقت میں مکمل رکھنے میں بھی مدد دیتا ہے۔مریضوں کے آرام کو بھی خاص اہمیت دی گئی ہے۔ اس میں ایک ایسا کاؤچ (Couch) نصب ہے جو اوپرنیچے ہو سکتا ہے تاکہ مریض کو آسانی سے درست پوزیشن میں رکھا جا سکے، جبکہ سیٹ اَپ کے دوران مشین نسبتاً کم شور کرتی ہے۔

کاؤچ پرنصب کیمرہ اور اِنٹرکام کے ذریعے مریض اور تھیراپسٹ کے درمیان ہروقت رابطہ بحال رہتا ہے۔ حفاظتی فیچرز میں کولژن ڈیٹیکشن (Collision detection)، چھ نکاتی حفاظتی طریقۂ کار (Six-point safety approach) اور روزانہ کی کارکردگی کی جانچ شامل ہے، جو تقریباً پانچ منٹ میں مکمل ہو جاتی ہے۔ مزید یہ کہ مشین میں نئی اپ گریڈز مریضوں کی درست پوزیشننگ اورورک فلو کو مزید ہموار بنانے میں معاون ہیں۔