کینیڈا کی لارنٹین یونیورسٹی میں پاکستانی طلباء کے لئے سکالرشپس 2026کا اعلان

اسلام آباد۔7جنوری (اے پی پی):کینیڈا کی معروف تعلیمی درسگاہ لارنٹین یونیورسٹی نے سال 2026 کے لئے ملکی و غیر ملکی طلباء بالخصوص پاکستانی طلباء کے لئے مختلف تعلیمی پروگرامز میں سکالرشپس کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ سکالرشپس انڈرگریجویٹ، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی سطح پر فراہم کئے جائیں گے جن کا مقصد باصلاحیت اور محنتی طلباء کو اعلیٰ تعلیم کے بہتر مواقع مہیا کرنا ہے۔یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق لارنٹین …

اسلام آباد۔7جنوری (اے پی پی):کینیڈا کی معروف تعلیمی درسگاہ لارنٹین یونیورسٹی نے سال 2026 کے لئے ملکی و غیر ملکی طلباء بالخصوص پاکستانی طلباء کے لئے مختلف تعلیمی پروگرامز میں سکالرشپس کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ سکالرشپس انڈرگریجویٹ، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی سطح پر فراہم کئے جائیں گے جن کا مقصد باصلاحیت اور محنتی طلباء کو اعلیٰ تعلیم کے بہتر مواقع مہیا کرنا ہے۔یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق لارنٹین یونیورسٹی کی جانب سے انڈرگریجویٹ طلبہ کے لئے سکالرشپس کی مجموعی مالیت 60 ہزار کینیڈین ڈالر تک رکھی گئی ہے جو سالانہ 15 ہزار ڈالر کی شرح سے دیئے جائیں گے اور تسلی بخش تعلیمی کارکردگی کی بنیاد پر قابلِ تجدید ہوں گی۔

اس کے علاوہ پوسٹ گریجویٹ طلبہ کے لئے گریجویٹ ٹیچنگ اسسٹنٹ شپ اور مختلف فیلوشپس کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ ماسٹرز پروگرام کے طلبہ کے لئے سالانہ 10,034 کینیڈین ڈالر جبکہ پی ایچ ڈی طلبہ کے لئے 14,547 کینیڈین ڈالر تک کی مالی معاونت بطور اسسٹنٹ شپ دی جا سکتی ہے۔ ماسٹرز کے طلبہ کے لئے سکالرشپ کی مدت دو سال اور پی ایچ ڈی کے طلبہ کے لئے چار سال تک ہوگی۔ اہلیت کے حوالے سے یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ امیدواروں کو اپنے منتخب کردہ پروگرام کی تعلیمی اور فیکلٹی شرائط پوری کرنا ہوں گی۔ انڈرگریجویٹ سطح پر درخواست دینے والے طلبہ کے لئے سابقہ تعلیمی ریکارڈ بہترین ہونا ضروری ہے جبکہ ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کے امیدواروں کے لئے متعلقہ شعبے میں بیچلر ڈگری اور کم از کم 75 فیصد یا B+ گریڈ درکار ہوگا۔

بعض پروگرامز میں سپروائزر کی منظوری بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق ان اسکالرشپس کے لئے آئی ایل ٹی ایس لازمی نہیں تاہم زبان سے متعلق دیگر شرائط پروگرام کے مطابق لاگو ہو سکتی ہیں۔ دنیا کے تمام ممالک کے طلبہ بشمول پاکستان اس سکیم کے لئے اہل ہوں گے۔ سکالرشپس کے لئے درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 جون 2026 مقرر کی گئی ہے۔ درخواست دینے کے طریقہ کار کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ خواہشمند طلبہ سب سے پہلے لارنٹین یونیورسٹی کے آن لائن پورٹل کے ذریعے اپنے منتخب پروگرام کے لئے درخواست دیں گے۔ داخلے کی پیشکش قبول کرنے کے بعد ویزا کے لئے درخواست دی جا سکے گی۔

کامیاب امیدواروں کو سکالرشپ سے متعلق مزید معلومات بذریعہ ای میل فراہم کی جائیں گی۔ تعلیمی ماہرین کے مطابق لارنٹین یونیورسٹی کی جانب سے پیش کی جانے والی یہ سکالرشپس پاکستانی طلبہ کے لئے کینیڈا میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا ایک سنہری موقع ہیں جو نہ صرف مالی معاونت فراہم کریں گی بلکہ عالمی معیار کی تعلیم اور تحقیق تک رسائی بھی ممکن بنائیں گی۔