کیورا سائو کی قومی فٹبال ٹیم کے کوچ ڈک ایڈووکاٹ نے فیفا عالمی کپ سے 4 ماہ قبل ٹیم سے علیحدگی اختیار کرلی

ریو ڈی جنیرو۔24فروری (اے پی پی):نیدرلینڈز کےزیر کنٹرول جزیرے کیورا سائو کی قومی فٹبال ٹیم کے کوچ ڈک ایڈووکاٹ نے فیفا عالمی کپ سے 4 ماہ قبل ٹیم سے علیحدگی اختیار کرلی ہے۔شنہوا کے مطابق 78 سالہ کوچ ڈک ایڈووکاٹ نے خاندانی مصروفیات کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا جبکہ نیدرلینڈز کے ذرائع ابلاغ کے مطابق ان کی صاحبزادی کی علالت بھی اس فیصلے کی ایک اہم وجہ ہے۔ ڈک …

ریو ڈی جنیرو۔24فروری (اے پی پی):نیدرلینڈز کےزیر کنٹرول جزیرے کیورا سائو کی قومی فٹبال ٹیم کے کوچ ڈک ایڈووکاٹ نے فیفا عالمی کپ سے 4 ماہ قبل ٹیم سے علیحدگی اختیار کرلی ہے۔شنہوا کے مطابق 78 سالہ کوچ ڈک ایڈووکاٹ نے خاندانی مصروفیات کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا جبکہ نیدرلینڈز کے ذرائع ابلاغ کے مطابق ان کی صاحبزادی کی علالت بھی اس فیصلے کی ایک اہم وجہ ہے۔

ڈک ایڈووکاٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ خاندان ہمیشہ فٹبال سے پہلے آتا ہے اس لیے یہ ایک فطری فیصلہ ہے، انہوں نے کہا کہ کیوراساؤ، وہاں کے عوام اور اپنے ساتھیوں کو بہت یاد کریں گے اور دنیا کے ایک چھوٹے ترین ملک کو عالمی کپ تک پہنچانا ان کے طویل کوچنگ کیریئر کی نمایاں کامیابیوں میں شامل ہے۔ڈک ایڈووکاٹ اس سے قبل نیدرلینڈز قومی فٹبال ٹیم، بیلجیم قومی فٹبال ٹیم اور جنوبی کوریا کی قومی فٹبال ٹیم سمیت مختلف قومی ٹیموں کی کوچنگ کرچکے ہیں اور دو برس تک کیوراساؤ قومی فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ رہے۔

تقریباً ڈیڑھ لاکھ آبادی پر مشتمل کیریبین جزیرے کی ٹیم نے کوالیفائنگ مرحلے میں جمیکا، ٹرینیڈاڈ و ٹوباگو اور برمودا کو پیچھے چھوڑ کر عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کیا اور یوں عالمی کپ تک رسائی حاصل کرنے والا سب سے چھوٹا ملک بن گیا۔کیوراساؤ فٹبال فیڈریشن کے صدر گلبرٹ مارٹینا نے کہا کہ ڈک ایڈووکاٹ کا فیصلہ قابل احترام ہے اور انہوں نے قومی ٹیم کے ساتھ تاریخ رقم کی۔

فیڈریشن کے مطابق فریڈ روٹن فوری طور پر ٹیم کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ وہ اس سے قبل فے نورد، پی ایس وی آئنڈھوون اور شالکے کی کوچنگ کرچکے ہیں۔فریڈ روٹن کی کوچنگ میں ٹیم کا پہلا میچ 31 مارچ کو چین میں آسٹریلیا کے خلاف ہوگا جو دوستانہ ہوگا جبکہ کیوراساؤ عالمی کپ مہم کا آغاز 14 جون کو ہیوسٹن میں جرمنی کے خلاف کرے گا اور گروپ ای میں ایکواڈور اور کوٹ ڈی آئیوری سے بھی مقابلہ کرے گا۔