کے آئی یو کے طلباء کا فری لانسنگ، ای کامرس اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ پر مشتمل تین ماہ کی تربیت مکمل
کے آئی یو کے طلباء کا فری لانسنگ، ای کامرس اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ پر مشتمل تین ماہ کی تربیت مکمل

مزید خبریں
گلگت۔ 21 ستمبر (اے پی پی):قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے طلباء نے کے آئی یو بزنس انکیوبیشن نیوٹیک اور وائس آف گلگت بلتستان کے اشتراک سے جاری پارٹنرشپ پروگرام کے تحت تین ماہ کی تربیت کامیابی سے مکمل کر لی۔ تربیت مکمل کرنے والے طلباء میں سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کے لیے یونیورسٹی میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق تھے جنہوں نے طلباء میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔
انہوں نے مہارتوں پر مبنی اس تربیت کے انعقاد پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ایسے پروگرام نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔تین ماہ کی اس تربیت میں فری لانسنگ، ای کامرس اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے شعبے شامل تھے۔ اس دوران شرکاء نے پاکستان کے مختلف شہروں میں واقع اداروں کا دورہ بھی کیا جن میں کلرکلہار اور دیگر تکنیکی ادارے شامل تھے جہاں انہیں عملی تجربے اور مشاہدے کے مواقع ملے۔
تربیت مکمل کر کے واپس یونیورسٹی پہنچنے پر ان کے اعزاز میں سرٹیفکیٹ کی تقسیم کی تقریب رکھی گئی۔واضح رہے کہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی اور نیوٹیک کے درمیان باقاعدہ شراکت داری موجود ہے۔ اس تربیتی پروگرام کا مقصد طلباء کو عملی مہارتیں فراہم کرنا اور انہیں فری لانسنگ، ای کامرس اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے میدان میں خود کفیل بنانا ہے۔








