اسلام آباد۔28مارچ (اے پی پی):امریکہ میں قائم کے ٹو سکواش کلب رواں سال اپریل میں اپنی تاریخ کے پہلے پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن (پی ایس اے ) چیلنجر ٹورنامنٹس کی میزبانی کرے گا، جو کلب کی عالمی شناخت میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر محمد نوید عالم کی زیر نگرانی منعقد ہونے والے ان مقابلوں کو پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن (پی ایس اے) نے منظور کر لیا …
کے ٹو سکواش کلب کے زیر اہتمام عالمی ایونٹس کا انعقاد
اسلام آباد۔28مارچ (اے پی پی):امریکہ میں قائم کے ٹو سکواش کلب رواں سال اپریل میں اپنی تاریخ کے پہلے پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن (پی ایس اے ) چیلنجر ٹورنامنٹس کی میزبانی کرے گا، جو کلب کی عالمی شناخت میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر محمد نوید عالم کی زیر نگرانی منعقد ہونے والے ان مقابلوں کو پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن (پی ایس اے) نے منظور کر لیا ہے۔دو مراحل پر مشتمل اس ٹورنامنٹ کا پہلا مرحلہ 8 سے 12 اپریل تک منعقد ہوگا جس میں 15 ہزار ڈالر انعامی رقم کا ‘مینز چیلنجر ایونٹ’ شامل ہے۔ اس ایونٹ میں سلمان خلیل، ٹام والش، محمد شرف اور یاسین الشافعی جیسے نامور کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے جبکہ احسن ایاز بطور وائلڈ کارڈ انٹری شرکت کریں گے۔
ایونٹ کا فائنل 12 اپریل کو کھیلا جائے گا۔دوسرے مرحلے میں 22 سے 26 اپریل تک ویمنز چیلنجر ایونٹ منعقد ہوگا، جس کی مجموعی انعامی رقم 6 ہزار ڈالر رکھی گئی ہے۔ اس میں زینہ زین، لورا سلوا، لوسی اسٹیفانونی اور ملکہ طہٰ سمیت عالمی رینکنگ کی کھلاڑی حصہ لیں گی۔کے ٹو اسکواش کلب کے مالک کرامت اللہ خان اور ٹورنامنٹ ڈائریکٹر محمد نوید عالم (جو لیجنڈری جہانگیر خان کے ساتھ 15 سالہ تجربہ رکھتے ہیں) کی قیادت میں یہ ایونٹ کلب کو عالمی سکواش کے نقشے پر ایک نمایاں مقام دلانے کی کوششوں کا تسلسل ہیں۔ ماضی میں ‘سیٹلائٹ ایونٹس’ کی کامیاب میزبانی کے بعد اب ہائیر ٹیر مقابلوں کا انعقاد کلب کے بہترین انفراسٹرکچر اور تنظیمی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔









