کے پی حکومت جلسے کر کے ڈیل لینا چاہتی ہے،ہماری سفارتکاری 75سال میں پہلی بار عروج پر ہے، طلال چوہدری

فیصل آباد ۔ 27 ستمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے پاکستانیوں کو کامیاب سفارتکاری پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری سفارتکاری75 سال میں پہلی بار عروج پر ہے جوشہباز شریف اور عاصم منیر کی پارٹنر شپ کا نتیجہ ہے جبکہ اس میں وزیراعظم کی دو اڑھائی سال کی شب وروز کی محنت بھی شامل ہے، اب امریکہ اور عرب ممالک سے تعلقات بہتر …

فیصل آباد ۔ 27 ستمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے پاکستانیوں کو کامیاب سفارتکاری پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری سفارتکاری75 سال میں پہلی بار عروج پر ہے جوشہباز شریف اور عاصم منیر کی پارٹنر شپ کا نتیجہ ہے جبکہ اس میں وزیراعظم کی دو اڑھائی سال کی شب وروز کی محنت بھی شامل ہے، اب امریکہ اور عرب ممالک سے تعلقات بہتر ہیں ،نیزسعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدے کے ثمرات آئندہ دنوں میں سامنے آئیں گے،اس کے ثمرات وفاق اور صوبوں کے مل کر کام کرنے سے ملیں گے۔ہفتہ کی شام فیصل آباد میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑامسئلہ دہشت گردی ہے،2018 میں سیاسی طاقتوں کے ایک ساتھ کھڑے ہونے سے دہشتگردی پر قابو پایاگیا،پاکستان کو محفوظ کرنے کیلئے پاک فوج کے افسران بھی شہید ہو رہے ہیں،ہمیں دہشتگردی کی جنگ جیتنے کیلئے ماحول پیدا کرنا ہو گا۔

طلال چوہدری نے کہا کہ بعض مقامات پر نیشنل ایکشن پلان پر عمل کیوں نہیں ہوتا؟کے پی کے حکومت نے تیرہ سال میں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کیا اقدامات کئے؟کے پی حکومت کو دہشتگردی کے خاتمے کیلئے دیئے گئے چھ سوارب روپے کہاں گئے؟انہوں نے کہا کہ میجر عدنان شہید جیسے افسران اپنے جوان بچانے کیلئے اپنی جانیں قربان کررہے ہیں،ہم خوارج کے خاتمے کیلئے افغانستان سے بات کر رہے ہیں،کئی بار اعلیٰ سطح کے وفود افغانستان بھیجے گئے،کے پی حکومت ابہام پیدا کر کے اپنی ذمہ داری سے نہ بھاگے، کیاہم سپاہیوں، سکول کے بچوں اور فوجی جوانوں پر بندوق اٹھانے والوں سے مذاکرات کریں؟ طلال چوہدری نے کہا کہ گولی سے بات کرنے والوں سے گولی ہی سے بات ہو گی،کرک میں آپریشن میں سترہ خوارج کو ہلاک کیا گیا،یہ آپریشن وفاق اور صوبوں کے ایک ساتھ ہونے سے کامیاب ہوا۔

طلال چوہدری نے کہا کہ صوبائی حکومت کا کام صرف جلسہ جلسہ کرنا نہیں ہے،مریم نواز کے جلسوں میں وفاق کے خلاف اعلان جنگ نہیں کیا جاتابلکہ عوام کو طبی، تعلیمی اور سفری سہولتیں دینے کے اعلان ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جو دہشتگردوں کے ساتھ کھڑا ہو گا دہشتگرد ہی سمجھا جائے گا،یہ ریڈ لائن ہے کہ دہشتگردوں سے کوئی نرمی نہیں ہو گی۔ طلال چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے ٹویٹر ہینڈل کا پاکستان مخالف بیانیہ ہے،اپنے اداروں اور افواج کے سربراہ کے خلاف بیانیہ ہے،یہ اس آرمی چیف کے خلاف بولتے ہیں جس نے دنیا میں پاکستان کا نام بلند کیا۔ طلال چوہدری نے کہا کہ خوارج قومی پرچم جلا رہے ہیں، ہمارے سپاہیوں کے سروں کو فٹبال بنا رہے ہیں،کیاآپ چاہتے ہیں کہ خوارج مضبوط ہوں اور آپ دوبارہ اقتدار میں آ جائیں،ہم انڈیا کی سرپرستی میں بنے خوارج سے نہیں ہاریں گے۔

وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے ٹویٹر سے فوج کے ساتھ کھڑے ہونے کی بات کیوں نہیں ہوتی،یہ ٹویٹر ہینڈل کون چلا رہا ہے اور کہاں سے چلا رہا ہے؟ طلال چوہدری نے کہا کہ وادی تیراہ میں دہشتگردوں نے خود کو خواتین اور بچوں کے پیچھے چھپا رکھا تھا،خوارج فورسز پر حملے کیلئے ڈرون استعمال کر رہے ہیں،بانی پی ٹی آئی کہتے ہیں کہ حملہ آور ڈرونز کے خلاف کارروائی نہ کی جائے، کیا دہشتگرد ڈرون حملہ کریں اور ہم ہاتھ باندھے بیٹھے رہیں۔ طلال چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا خوارج کے ساتھ نرم رویہ ہے،وزیراعلیٰ کے پی کو اپنی ذمہ داری نبھانی ہو گی،ہمیں ان سے ان کی ذمہ داری پوری کروانی آتی ہے۔

طلال چوہدری نے کہا کہ کیوں کے پی کا کوئی شہری بے گناہ مارا جائے،کے پی میں سی ٹی ڈی بنانا ہو گی، تعاون کرنا ہو گا،کے پی حکومت جلسے کر کے ڈیل لینا چاہتی ہے،انہیں جلسے کرنے سے کوئی ڈیل نہیں ملے گی۔ طلال چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم کی سربراہی میں ملکی استحکام کا سفر جاری رہے گا،تمام سیاسی جماعتیں ملکی ترقی کیلئے متحد ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کے ساتھ کھڑے کرنے کیلئے دیگر آئینی آپشن بھی ہیں،کے پی حکومت منتخب حکومت ہے اسلئے وہ اپنا فرض نبھائے۔ طلال چوہدری نے کہا کہ صحافی اپنے اندر صحافی بن کر چھپے شعبدہ بازوں کاساتھ نہ دیں،یہ جھوٹے وی لاگر ڈالرز کیلئے ملکی سلامتی کا سودا کرتے ہیں،حکومت مجبوری کی حالت میں لغو وی لاگر کے خلاف کارروائی کرتی ہے،ایسے وی لاگر کے خلاف قانون مزید سخت کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرونی طاقتیں بھی پاکستان میں حالات بہتر ہونے کا اعتراف کرتی ہیں تاہم افغانستان سے حکومتی سرپرستی میں دہشتگرد پاکستان داخل ہو رہے ہیں۔ طلال چوہدری نے کہا کہ ہمارا ہر جماعت کے ساتھ کارکردگی کا مقابلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کھیل کو کھیل سمجھنا چاہئے، انشااللہ فائنل میں قومی ٹیم تمام داغ دھو دے گی،ناقص کارکردگی پر کھلاڑیوں پر تنقید نہیں کرنی چاہئے، عوام کی نیک تمنائیں قومی ٹیم کے ساتھ ہیں، امید ہے قومی ٹیم فائنل میں انڈیا کو شکست دے گی۔

 

مزید خبریں