گذشتہ چودہ صدیوں میں مسجد نبوی میں 14 بار توسیع، 1050 مربع میٹر سے شروع ہونے والی مسجد آج 5 لاکھ مربع میٹر پر پھیل چکی ہے

مدینہ منورہ ۔ 06جولائی (اے پی پی) نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے صحابہ رضوان اللہ علیہم اجمعین کے مبارک ہاتھوں سے کچی اینٹوں، گارے، کھجور کے تنوں اور پتوں سے 1050 مربع میٹر پر بنائی جانے والی مسجد نبوی چودہ صدیوں میں 14 بار توسیع کے بعد پانچ لاکھ مربع میٹر پر پھیل چکی ہے ، سعودی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق مسجد نبوی کی پہلی توسیع خود نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں کی گئی ،اس وقت 1050 مربع میٹر مسجد میں مزید 1425 مربع میٹر کا اضافہ کیا گیا جس کے بعد مسجد کا رقبہ 2500 مربع میٹر ہوگیا۔مسجد نبوی کے شعبہ تعلقات عامہ و اطلاعات کے ڈائریکٹر عبدالواحد الحطاب نے سعودی ذارئع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ مسجد نبوی کے قیام کے بعد آج تک اس کے رقبے میں 300 گنا اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ جب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے مدینہ منورہ کی طرف ہجرت فرمائی تو انہوں نے سوسائٹی کو مجتمع کرنے کے لے مسجد کی بنیاد رکھی مگر مسجد نبوی سے قبل آپ مسجد قباءتعمیر کرچکے تھے جسے اسلام کی سب سے پہلی مسجد ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔