مچھ بلوچستان میں غریب مزدوروں اور معصوموں کے ناحق قتل کے المناک واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے،بھارت پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والوں میں بددلی پھیلانا چاہ رہا ہے،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا بیان

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی بھارتی ریاست کرناٹک میں پیش آنے والے واقعہ کی شدید مذمت

اسلام آباد۔4جنوری (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بلوچستان کے علاقے مچھ میں ہونیوالے المناک واقعہ کے حوالے سے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل مچھ بلوچستان میں غریب مزدوروں اور معصوموں کے ناحق قتل کے المناک واقعہ پر دلی صدمہ ہے اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔پیر کو اپنے ایک بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت ایسے دل خراش اور المناک واقعات کے ذریعے پاکستان میں عدم استحکام چاہتا ہے۔بھارت پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والوں میں بددلی پھیلانا چاہ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ 14 نومبر کو ایک پریس کانفرنس میں ہم نے ایک ڈوزئیر کے ذریعے دہشتگردی کے حوالے سے بھارت کی پشت پناہی کے ناقابل تردید ثبوت دنیا کے سامنے رکھے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے پوری دنیا کو بھارت کااصل چہرہ دکھایا ہے،آج بین الاقوامی زرائع ابلاغ کھل کر بھارت پر تنقید کر رہا ہے۔بھارت میں اقلیتوں کےساتھ بہت براسلوک کیاجارہاہے۔وزیرخارجہ نے کہا کہ ان مظالم کی وجہ سے بھارت کے اندر سے آوازیں اٹھ رہی ہیں ۔اپوزیشن اس صورت حال کے پیش نظر ذاتی ایجنڈے کوچھوڑکرقومی مفادکوترجیح دے،وزیرخارجہ نے کہا کہ ہم نے اپوزیشن کو دعوت دی ہے کہ شفاف انتخابات سمیت قومی امور پر بات چیت کریں۔ہم نے کورونا وبا سے نمٹنے کیلئے جامع حکمت عملی کی تشکیل جیسے قومی اہمیت کے موضوع پر مشاورت کے لیے اپوزیشن کو مدعو کیا،اگراپوزیشن کانقطہ نظرشفاف انتخابات ہیں توبات کرتے ہیں۔