گلگت بلتستان انتخابات کے حوالے سے کل تک صورتحال واضح ہو جائے گی،پی ٹی آئی حکومت بنانے میں کامیاب ہو جائے گی،وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر

اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی عادت بن گئی ہے کہ جب انتخابات ہار جائیں تو شکست تسلیم نہیں کرتیں، اپوزیشن رہنما جب انتخابی نتائج کو مانتے نہیں تو پھر حصہ کیوں لیتے ہیں، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بڑھتی ہوئی مقبولیت دیکھ کر اپوزیشن نے گلگت بلتستان انتخابات سے قبل ہی دھاندلی کا واویلا …

اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی عادت بن گئی ہے کہ جب انتخابات ہار جائیں تو شکست تسلیم نہیں کرتیں، اپوزیشن رہنما جب انتخابی نتائج کو مانتے نہیں تو پھر حصہ کیوں لیتے ہیں، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بڑھتی ہوئی مقبولیت دیکھ کر اپوزیشن نے گلگت بلتستان انتخابات سے قبل ہی دھاندلی کا واویلا شروع کر دیا تھا، بلاول بھٹو جذبات سے کام لے رہے ہیں، اگر ان کے پاس دھاندلی کے ثبوت ہیں تو الیکشن کمیشن کو پیش کریں، اسطرح الزامات جمہوریت کیلئے ٹھیک ہیں اور نہ ہی اس سے بلاول کے قد میں اضافہ ہو گا، علی امین گنڈا پور آزادامیدواروں کے ساتھ رابطے میں ہیں، کل تک صورتحال واضح ہو جائے گی، پی ٹی آئی آزاد امیدواروں اور اتحادیوں سے مل کر آسانی سے گلگت بلتستان میں حکومت بنا لے گی۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی قومی اداروں پر یقین نہیں رکھتیں، یہ لوگ ملک میں غیریقینی صورتحال پیدا کرنے کیلئے سیاست کھیل رہے ہیں جس کا کوئی جواز نہیں بنتا، حقیقت میں گلگت بلتستان کی عوام نے اپوزیشن کے بیانیے کو مسترد کر دیا ہے، نتائج ان کی منشا کے مطابق نہیں آئے اسلئے یہ سارے انتخابات کو متنازعہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں جو جمہوریت کیلئے اچھی روایت نہیں ہے۔ شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن کو اگر انتخابات کے حوالے سے کوئی شکایت ہے تو اس کا فورم موجود ہے، گلگت بلتستان کے چیف الیکشن کمیشن بھی انہیں ڈھونڈ رہے ہیں کہ اپوزیشن دھاندلی کے ثبوت پیش کرے۔ انہوں نے کہا کہ گیلپ سروے کے مطابق وزیراعظم عمران خان نامور لیڈر ہیں اور پی ٹی آئی امیدواروں کو انتخابات میں برتری حاصل تھی، امید تھی کہ 12 سے 14 سیٹیں جیت جائیں گے تاہم ہم انتخابی نتائج کو تسلیم کرتے ہیں اور گلگت بلتستان عوام کی طرف سے پی ٹی آئی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور آزادامیدواروں سے رابطے میں ہیں اور کل تک صورتحال واضح ہو جائے گی، پی ٹی آئی آزاد امیداروں اور اتحادیوں سے ساتھ مل کر حکومت بنانے میں کامیاب ہو جائے گی اور ہم خطے کے لوگوں کو حقوق دلانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی حتمی کامیابی کا نوٹیفکیشن ہونا باقی ہے اسلئے اس وقت وزیراعلیٰ کا نام نہیں بتا سکتے، باہمی مشاورت کے بعد وزیراعلیٰ کا فیصلہ کیا جائے گا۔ شبلی فراز نے کہا کہ گلگت بلتستان کو صوبہ بنانا وہاں کے لوگوں کا دیرینہ مطالبہ ہے اور اس کا تاریخی پس منظر بھی ہے، وفاقی حکومت اس کو عبوری صوبہ بنانے کے اعلان پر قائم ہے، کچھ قانونی ایشوز ہیں جنہیں حل کیا جا رہا ہے، تمام سیاسی جماعتوں اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر اس کو باضابطہ طور پر عبوری صوبہ بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی حکومت بننے کے بعد وزیراعظم عمران خان گلگت بلتستان کا دورہ کریں گے۔