گلگت بلتستان میں پی پی اور ن لیگ دونوں کی عوامی مقبولیت کی قلعی کھل گئی، وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کا تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو

ملتان ۔16نومبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں ہم نے شفاف انتخابات کی بنیاد رکھ دی ہے۔ گلگت الیکشن میں عوام نے ن لیگ کے بیانیے کو مسترد کیا۔ پی پی اور ن لیگ دونوں کی عوامی مقبولیت کی قلعی کھل گئی۔عوام نے دونوں جماعتوں کو بری طرح مسترد کیا۔ الیکشن میں بھر پور دلچسپی لینے پر گلگت بلتستان کی عوام …

ملتان ۔16نومبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں ہم نے شفاف انتخابات کی بنیاد رکھ دی ہے۔ گلگت الیکشن میں عوام نے ن لیگ کے بیانیے کو مسترد کیا۔ پی پی اور ن لیگ دونوں کی عوامی مقبولیت کی قلعی کھل گئی۔عوام نے دونوں جماعتوں کو بری طرح مسترد کیا۔ الیکشن میں بھر پور دلچسپی لینے پر گلگت بلتستان کی عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان میں مختلف تقریبات سے خطاب ‘ و سینئر صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ پولنگ کے روز شدید برف باری کے باوجود ٹرن آوٹ ٹھیک رہا اور عوام کی کثیر تعداد لائنوں میں لگی رہی۔ پی ڈی ایم غیر ملکی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ جو ملک میں افراتفری و انتشار پھیلانا چاہتی ہے۔ پی ڈی ایم رہنماوں کے بیانیے ونظریات ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔ ان میں یکسوئی نظر نہیں آتی ‘پی ڈی ایم جماعتوں کا اتحاد غیر فطری ہے اور غیر فطری چیز جلد یا بادیر اپنے اختتام کو پہنچ جاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کورونا نے ملکی معیشت کو کافی نقصان پہنچایا۔ حکومت نے کورونا کی پہلی لہر کے دوران عوام کو غربت اور فاقوں سے بچایا اور جس حد تک ہو سکا امداد فراہم کی۔ اب کورونا کی دوسری لہر آچکی ہے جس کی شدت پہلے کی نسبت زیادہ ہے۔ عوام احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں ۔ اور جس حد تک ہو سکے سماجی فاصلہ ‘ ماسک ودیگر احتیاتی تدابیر پر عمل درآمد کریں۔انہوں نے کہا ہم اعترا ف کرتے ہیں کہ مہنگائی زیادہ ہے لیکن مہنگائی گرانفرشی موجودہ حکومت کا نہیں بلکہ سابقہ حکومت کا تحفہ ہے ۔ ہم اس پر قابو پانے کے لئے اقدامات کررہے ہیں جس کے مثبت نتائج برآمد ہونگے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت دیگر چیلنجز کی طرح مہنگائی کے چیلنج پر بھی قابو پائے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے۔ معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے ۔ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافہ ہو رہا ہے برآمدات اور ترسیلات زر بڑھ رہی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے انڈسٹری کیلئے جو پیکیج دیا ہے وہ خوش آئند ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے اس صنعتی پیکیج سے فیصل آباد اور ملتان کی بند پاور لومز انڈسٹری کوسہارا ملے گا جس کی بدولت نہ صرف ملکی صنعتی ترقی میں اضافہ ہوگابلکہ عوام کو روزگار بھی مہیا ہوگا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پی ٹی آئی رہنما ملک طارق بھٹہ کی رہائش گاہ پر بھٹہ یوتھ فورس کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان پی ٹی آئی کا سرمایہ اور اس کی اصل قوت ہیں۔ حکومت نوجوانوں کی ترقی اور ان کو روزگار کی فراہمی کے لئے قرضوں کی فراہمی کا منصوبہ شروع کیاہے جس کی بدولت اس ملک کی یوتھ کو اپنے پاوں پر کھڑ ا ہونے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جیسا کہ بھٹہ یوتھ فورس خدمت کے جذبے سے بنائی گئی ہے اپنے مقاصد پورے کریگی۔