گلگت بلتستان کی 1 لاکھ 43 ہزار خواتین کو بی آئی ایس پی کے تحت سالانہ 8 ارب روپے کی مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے، وزیراعلیٰ امجد حسین

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام خطے کے نادار اور مستحق خاندانوں کی کفالت اور ان کی معاشی حالت کو مستحکم بنانے کے لیے ایک اہم اور سنگ میل حیثیت رکھنے والا منصوبہ ہے

گلگت۔ 28 ستمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام خطے کے نادار اور مستحق خاندانوں کی کفالت اور ان کی معاشی حالت کو مستحکم بنانے کے لیے ایک اہم اور سنگ میل حیثیت رکھنے والا منصوبہ ہے۔ ڈی جی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے کہا کہ بی آئی ایس پی کے ذریعے گلگت بلتستان کی 1 لاکھ 43 ہزار خواتین کو سالانہ 8 ارب روپے کی مالی معاونت شفاف انداز میں فراہم کی جا رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس رقم کی باقاعدہ اور مسلسل فراہمی سے مستحق اور کمزور طبقات، بالخصوص خواتین کو مالی تحفظ حاصل ہو رہا ہے اور ان کے معاشی حالات میں بہتری آ رہی ہے۔وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کیلئے دفتر فراہم کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر ہدایت کی کہ گلگت بلتستان میں بھی مستحق افراد کے اکاؤنٹس میں ان کی رقم ٹرانسفر کی جائے تاکہ وہ باعزت طریقے سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے دی جانے والی مالی معاونت کو حاصل کرسکیں۔