گلگت بلتستان کے طلباء کے لئے ایچ ای سی سکالرشپ پروگرام کی بڑی کامیابی

اسلام آباد۔11مارچ (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان نے پاکستان کی اعلیٰ یونیورسٹیوں/اداروں میں گلگت بلتستان کے طلباء کے لئے انڈر گریجویٹ سکالرشپ پروگرام کے پہلے مرحلے کو کامیابی سے مکمل کر لیا ہے اور اس پروگرام کے تحت وظائف کے حصول کی شرح غیر معمولی طور پر99.4 فیصد رہی۔ پہلے مرحلے میں 335 وظائف کے منظور شدہ ہدف کےتحت ہائر ایجوکیشن کمیشن نے زیادہ سے زیادہ …

اسلام آباد۔11مارچ (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان نے پاکستان کی اعلیٰ یونیورسٹیوں/اداروں میں گلگت بلتستان کے طلباء کے لئے انڈر گریجویٹ سکالرشپ پروگرام کے پہلے مرحلے کو کامیابی سے مکمل کر لیا ہے اور اس پروگرام کے تحت وظائف کے حصول کی شرح غیر معمولی طور پر99.4 فیصد رہی۔ پہلے مرحلے میں 335 وظائف کے منظور شدہ ہدف کےتحت ہائر ایجوکیشن کمیشن نے زیادہ سے زیادہ رسائی اور میرٹ کی بنیاد پر طلباء کے انتخاب کو یقینی بنانے کے لئے کل 430 امیدواروں کوعبوری طور پر وظائف کی پیشکش کی۔

کل 333 طلباء نے داخلہ حاصل کیا اور اس موقع سے فائدہ اٹھایا۔ اس وقت 312 سکالرز معروف یونیورسٹیوں میں انڈر گریجویٹ تعلیم حاصل کر رہے ہیں جبکہ 11 طلباء فارغ التحصیل ہو چکے ہیں۔ اس پروگرام نے صنفی مساوات کی حوصلہ افزائی کا بھی مظاہرہ کیا ہے، 182 مرد اور 151 طالبات اس پروگرام سے مستفید ہو رہی ہیں۔ سکالرشپ میں ٹیوشن فیس، ہاسٹل چارجز، وظیفہ/رہائش الاؤنس، کتاب اور سفری الاؤنس شامل ہیں جس سے گلگت بلتستان کے ہونہار طلباء کو اعلیٰ تعلیم کے معیاری مواقع تک رسائی حاصل ہو سکتی ہے۔

ملک کے مشہور پبلک سیکٹر اداروں میں مختلف شعبوں میں اسکالرز کو داخلہ دیا گیا ہے۔ یہ پروگرام 2021 میں شروع کیا گیا تھا جس کا مقصد گلگت بلتستان کے طلباء کو سکالرشپ فراہم کرنا تھا تاکہ نوجوانوں کو آنے والے چیلنجز اور اپنے علاقے اور ملک کی ترقی کے لئے جدید ترین تعلیم سے آراستہ کیا جا سکے۔ پہلے مرحلے کی کامیابی کو مزید آگے بڑھاتے ہوئےہائر ایجوکیشن کمیشن ملک کے پسماندہ اور دور دراز علاقوں کے طلباء کے لیے مواقع برقرار رکھنے کے لئے پُرعزم ہے۔

 

مزید خبریں