چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے پاکستان میں پرتگال کے سفیر پاؤلو میگوئل گیدیز ڈومنگیز نے بدھ کو منسٹرز انکلیو میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، تجارت و سرمایہ کاری، پارلیمانی تعاون اور عوامی روابط سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے پاکستان میں پرتگال کے سفیر کی ملاقات ،پاکستان-پرتگال تعلقات مزید مضبوط بنانے پر زور، پرتگالی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت
اسلام آباد۔19اگست (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے پاکستان میں پرتگال کے سفیر پاؤلو میگوئل گیدیز ڈومنگیز نے بدھ کو منسٹرز انکلیو میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، تجارت و سرمایہ کاری، پارلیمانی تعاون اور عوامی روابط سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان پرتگال کے ساتھ دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم، ثقافت اور بلیو اکانومی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی حجم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں جن سے استفادہ کرنے کے لئے نئے مواقع تلاش کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے پرتگالی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کو پاکستان میں ابھرتے ہوئے اقتصادی و کاروباری مواقع سے استفادہ کرنے اور باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری قائم کرنے کی دعوت دی۔
چیئرمین سینیٹ نے انٹر پارلیمانی سپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی ) کے کردار کو بھی اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ کانفرنس خطے میں امن، سلامتی اور ترقی کے فروغ کے لئے ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے پرتگال میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تقریباً 50 ہزار پاکستانی پرتگال میں رہائش پذیر اور مختلف شعبوں میں کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم پل کا کردار ادا کر رہی ہے جبکہ محنت کشوں اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔چیئرمین سینیٹ نے لیبر موبیلٹی پارٹنرشپ معاہدے کو جلد حتمی شکل دیئے جانے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ اس اہم شعبے میں دوطرفہ تعاون کے لئے ایک مؤثر فریم ورک فراہم کرے گا۔
انہوں نے پاکستانی اور پرتگالی جامعات کے درمیان طلبہ و فیکلٹی کے تبادلوں اور مشترکہ تحقیقی پروگراموں کے ذریعے تعلیمی تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا۔انہوں نے پاکستان کے لئے جی ایس پی پلس حیثیت کے حوالے سے پرتگال کی مسلسل حمایت کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اعلیٰ سطحی دوروں اور باقاعدہ دوطرفہ مشاورت کے ذریعے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
پرتگال کے سفیر پاؤلو میگوئل گیدیز ڈومنگیز نے چیئرمین سینیٹ کی جانب سے پرتپاک خیرمقدم پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں پرتگال کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے پاکستان اور پرتگال کے درمیان قریبی روابط، باہمی تعاون اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔









