پاکستان اور ایتھوپیا نے باہمی تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ، ٹیکنالوجی کی منتقلی، غذائی تحفظ اور لائیو سٹاک کے شعبوں میں پیش رفت کے لیے زراعت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے، اس سلسلے میں ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوبا نے وفاقی وزیر غذائی تحفظ رانا تنویر حسین سے اسلام آباد میں بدھ کو ملاقات کی۔ ملاقات میں زرعی تعاون کے فروغ …
پاکستان اور ایتھوپیا کا زراعت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد۔19اگست (اے پی پی):پاکستان اور ایتھوپیا نے باہمی تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ، ٹیکنالوجی کی منتقلی، غذائی تحفظ اور لائیو سٹاک کے شعبوں میں پیش رفت کے لیے زراعت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے، اس سلسلے میں ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوبا نے وفاقی وزیر غذائی تحفظ رانا تنویر حسین سے اسلام آباد میں بدھ کو ملاقات کی۔ ملاقات میں زرعی تعاون کے فروغ کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا جن میں دونوں ممالک کے زرعی اداروں کے درمیان علم و تجربے کے تبادلے کو ادارہ جاتی شکل دینے کے لیے زرعی معاہدے کی تجویز بھی شامل تھی۔
یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوبا نے ایتھوپیا کی معیشت کے زرعی خدوخال اور اس شعبے کو حکومت ایتھوپیا کی جانب سے دی جانے والی ترجیح کا ذکر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان زرعی تعاون کے وسیع امکانات پر روشنی ڈالی۔انہوں نے ایتھوپیا کے گرین لیگیسی انیشی ایٹو کو پائیدار ترقی، زرعی نمو، غذائی تحفظ اور گرین اکانومی کے فروغ کا ایک جامع پروگرام قرار دیا۔سفیر نے کہا کہ ایتھوپیا اس منصوبے کا تجربہ پاکستان کے ساتھ بانٹ سکتا ہے ۔ انہوں نے پاکستانی زرعی کاروباری شخصیات کو ایتھوپیا کے زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔
انہوں نے وفاقی وزیر کو 2027 میں ادیس ابابا میں ہونے والی کوپ۔ 32 کی میزبانی کے حوالے سے ایتھوپیا کی تیاریوں سے بھی آگاہ کیا۔وفاقی وزیر نے زرعی تحقیق، جدید کاشتکاری کی ٹیکنالوجی، زرعی مشینری، آبپاشی، لائیو سٹاک کی ترقی اور ایگرو پروسیسنگ کے شعبوں میں پاکستان کی مہارت کا ذکر کیا اور اپنے تجربے و تکنیکی معاونت ایتھوپیا کے ساتھ بانٹنے کے لیے آمادگی ظاہر کی۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک فصلوں کی پیداواری صلاحیت، بیجوں کی تیاری، موسمیاتی اثرات سے محفوظ زراعت اور مشینی کاشتکاری کے شعبوں میں تعاون کو نمایاں طور پر وسعت دے سکتے ہیں۔









