گوادر دنیا کے مستقبل کا معاشی حب ہے، مصر کے سرمایہ کار اس معاشی حب سے بھرپور استفادہ کر سکتے ہیں، چیئرمین سینیٹ کا مصر کے سفیر طارق داروگ سے ملاقات میں اظہار خیال

اسلام آباد ۔ یکم جولائی (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ گوادر دنیا کے مستقبل کا معاشی حب ہے، مصر کے سرمایہ کار اس معاشی حب سے بھرپور استفادہ کر سکتے ہیں، ایوان بالا، صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کے ذریعے اس مقصد کے لئے ہر قسم کی سہولت فراہم کرنے کو تیا ر ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین سینیٹ نے مصر کے …

اسلام آباد ۔ یکم جولائی (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ گوادر دنیا کے مستقبل کا معاشی حب ہے، مصر کے سرمایہ کار اس معاشی حب سے بھرپور استفادہ کر سکتے ہیں، ایوان بالا، صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کے ذریعے اس مقصد کے لئے ہر قسم کی سہولت فراہم کرنے کو تیا ر ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین سینیٹ نے مصر کے سفیر طارق داروگ سے پارلیمنٹ ہاو¿س میں ملاقات کے دوران کیا۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ مصر کے سرمایہ کار شپنگ، لائیوسٹاک، فشریز، معدنیات اور سروسز کی فراہمی کے علاوہ دیگر شعبوں میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع سے بھر پور استفادہ کر سکتے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مصر قدیم ثقافت، تہذیبی وتمدن اور علم کا گہوارہ رہا ہے اور آج بھی دنیا کیلئے تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔پاکستان مصر کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ان تعلقات کی بنیاد مشترکہ ثقافتی، مذہبی اور معاشرتی مماثلتوں میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری کو بروئے کار لاتے ہوئے وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے اور عوامی سطح پر روابط کے استحکام کیلئے اقدامات اٹھانے ہونگے۔محمد صادق سنجرانی نے مصر کے سفیر کو انٹرنیشنل پارلیمنٹ کانگریس کے اغراض و مقاصد کے متعلق تفصیلی آگاہ کرتے ہوئے دعوت دی کہ مصر کے اراکین پارلیمنٹ اس منفرد عالمی پلیٹ فارم کا حصہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور مصر کے مابین تعلیم کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ دونوں ممالک کے طلباو طالبات کو دونوں ممالک میں تعلیم حاصل کرنے مواقع میسر ہو سکیں کیونکہ طلبا بہترین سفیرکے طور پر کام کرتے ہیں اور اس سے باہمی روابط بھی مستحکم ہوںگے۔ چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر دعوت دی کہ مصر کی مجلس نواب کے چیئرمین پاکستان کا دورہ کریں اور اپنے ساتھ پارلیمانی اور کاروباری وفد بھی لےآئیں تاکہ معاشی اور تجارتی شعبوں میں موجود بھر پور استعداد کے مطابق تعلقات کو فروغ دیا جا سکے۔ صادق سنجرانی نے مصر کے سفیر کو پاکستان کے ادارہ برائے پارلیمانی خدمات کے متعلق بھی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے پیشکش کی کہ مصر کے اراکین پارلیمنٹ قانون سازی کے متعلق ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہو سکتے ہیں اور بالخصوص اسلامی قانون سازی کے حوالے سے تعاون کی وسیع گنجائش موجود ہے اور اس میں بہتری کیلئے ادارہ برائے پارلیمانی خدمات نمایاں کردار ادا کر سکتا ہے۔ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے دنیا کے حالات بالکل تبدیل ہو چکے ہیں اس وبائی مرض نے جہاں دنیا بھر کو مشکلات میں مبتلا کیا ہے وہی پر باہمی تعاون اور مشترکہ لائحہ عمل سے متعلق نئی راہیں بھی متعین کی ہیں جس سے عالمی برادری ایک دوسرے کے مزید قریب آ سکتی ہے تاکہ اس قسم کی آفات کا بہتر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔مصر کے سفیر نے چیئرمین سینیٹ کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ مصر پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش رکھتا ہے اور اعلیٰ سطح پر وفود کے تبادلوں سے ان تعلقات کو مزید تقویت ملے گی اور پاکستان میں سرمایہ کاری سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔