کوئٹہ۔ 06 مارچ (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیرصدارت ادارہ ترقیاتِ گوادر (جی ڈی اے)کی گورننگ باڈی کا 31واں اجلاس منعقد ہوا جس میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت، مالی امور اور مستقبل کے ترقیاتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایم این اے گوادر حاجی ملک شاہ، ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمن، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، …
گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو مالی طور پر خودمختار بنانا وقت کی ضرورت ہے ،وزیر اعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ۔ 06 مارچ (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیرصدارت ادارہ ترقیاتِ گوادر (جی ڈی اے)کی گورننگ باڈی کا 31واں اجلاس منعقد ہوا جس میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت، مالی امور اور مستقبل کے ترقیاتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایم این اے گوادر حاجی ملک شاہ، ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمن، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ترقیات) زاہد سلیم، ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے معین الرحمنٰ خان، ڈسٹرکٹ چیئرمین گوادر واجہ شے مختار سمیت پلاننگ کمیشن اسلام آباد، پاکستان ریلوے اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مالی سال 2025-26 کے سالانہ بجٹ کی منظوری دی گئی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے جی ڈی اے کے مالی معاملات میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی آڈٹ کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے محکمہ خزانہ کو ہدایت دی کہ جی ڈی اے کے مالی امور کا جامع آڈٹ کر کے اپنی مفصل رپورٹ آئندہ اجلاس میں پیش کی جائے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو مالی طور پر خودمختار بنانا وقت کی ضرورت ہے اور اتھارٹیز کا بنیادی مقصد اپنے وسائل میں اضافہ اور پائیدار ترقی کو یقینی بنانا ہونا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ادارے حکومت پر مالی بوجھ بننے کے بجائے اپنے وسائل پیدا کرنے کی صلاحیت پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ جی ڈی اے کی سالانہ آمدن صرف 7 کروڑ روپے جبکہ اخراجات 87 کروڑ روپے ہونا تشویشناک امر ہے جس کے لیے فوری اصلاحات ناگزیر ہیں۔
وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ گوادر کی ترقی کے لیے ادارہ جاتی اصلاحات اور مثر مالی نظم و ضبط انتہائی ضروری ہے اور گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو ایک فعال اور مثر ادارہ بنانے کے لیے جامع اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی تاکہ ادارہ اپنے اہداف حاصل کر سکے اور شہر کی ترقی میں موثر کردار ادا کرے ۔اجلاس میں گوادر شہر کے نشیبی علاقوں ٹی ٹی سی کالونی، بخشی کالونی، شمبے اسماعیل اور نیا آباد میں ڈرینیج اور سیوریج سسٹم کی بہتری، اسٹریٹ ورک اور سڑکوں کی پختگی کے منصوبوں کی فزیبلٹی رپورٹس تیار کرنے کی منظوری دی گئی تاکہ ان منصوبوں کو آئندہ مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا جا سکے
اجلاس میں جی ڈی اے واٹر منصوبے کے لیے فراہم کی جانے والی مختلف گرانٹس کو یکجا کرنے اور ان میں مزید اضافے کی منظوری بھی دی گئی۔ وزیر اعلی بلوچستان نے ہدایت کی کہ گوادر میں پانی کی فراہمی کے نظام کو مزید موثر اور پائیدار بنانے کے لیے نئے امکانات اور متبادل ذرائع کا جائزہ لیا جائے تاکہ شہر کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو مستقل بنیادوں پر پورا کیا جا سکے۔ اجلاس کے دوران جی ڈی اے کے جاری ترقیاتی منصوبوں، شہر میں پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے اقدامات اور ادارے کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔









