گوجرانوالہ،ایجوکیشن ریفارمز پروگرام کے تحت ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے سرکای سکولوں کا دورہ کیا

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ایجوکیشن ریفارمز پروگرام کے تحت سرکاری سکولوں میں معیاری تعلیم کے فروغ اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد کے سکولوں کے ہنگامی دورے جاری ہیں۔ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے گورنمنٹ نجیب میموریل گرلز ہائی سکول اور گورنمنٹ پبلک ہائی سکول فار بوائز کا دورہ کیا۔

گوجرانوالہ۔ 25 اگست (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ایجوکیشن ریفارمز پروگرام کے تحت سرکاری سکولوں میں معیاری تعلیم کے فروغ اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد کے سکولوں کے ہنگامی دورے جاری ہیں۔ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے گورنمنٹ نجیب میموریل گرلز ہائی سکول اور گورنمنٹ پبلک ہائی سکول فار بوائز کا دورہ کیا۔ انہوں نے موسم گرما کی تعطیلات کے بعد تعلیمی سرگرمیوں کے آغاز کا جائزہ لیتے ہوئے مختلف کلاس رومز کا معائنہ کیا اور سکولوں میں صفائی ستھرائی، بنیادی سہولیات کی دستیابی اور ان کے فعال ہونے کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے سکول انتظامیہ کو ہدایت کی کہ طلبہ و طالبات کو بہترین تعلیمی ماحول کی فراہمی، صفائی ستھرائی اور بنیادی سہولیات کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے اساتذہ اور طلبہ و طالبات سے ملاقات کی اور انہیں فراہم کی جانے والی تعلیمی سہولیات کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔ڈپٹی کمشنر نے نویں اور دسویں جماعت کے طلبہ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہیں سالانہ امتحانات میں نمایاں کامیابی کے لیے دلجمعی، مستقل مزاجی اور بھرپور محنت کی تلقین کی۔ انہوں نے طالبات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہی کامیابی کی بنیاد ہے، طلبہ و طالبات اپنی تمام تر توجہ حصولِ علم پر مرکوز رکھیں اور محنت کو اپنا شعار بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب سرکاری سکولوں میں تعلیمی معیار کی بہتری اور طلبہ کو بہترین تعلیمی ماحول کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے، جن کے ثمرات ہر سطح پر نمایاں ہونے چاہئیں۔