گوجرانوالہ ، شہر کوجدید اور خوبصورت بنانے کے لیے بیوٹیفیکیشن منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے، کمشنر محمد علی

کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی نے کہا ہے کہ گوجرانوالہ کو مزید خوبصورت اور جدید شہر بنانے کے لیے بیوٹیفیکیشن منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے۔

گوجرانوالہ۔ 08 جون (اے پی پی):کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی نے کہا ہے کہ گوجرانوالہ کو مزید خوبصورت اور جدید شہر بنانے کے لیے بیوٹیفیکیشن منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جاری بیوٹیفیکیشن منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نوید احمد بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ اے سی جی محمد عامر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد عبدالروف، سی او کارپوریشن قیصر امین سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اور مختلف ترقیاتی و بیوٹیفیکیشن منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر محمد علی نے منصوبوں کی رفتار اور معیار کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو باہمی رابطے اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ گرین بیلٹس، پارکوں، شاہراہوں، چوکوں اور عوامی مقامات کی خوبصورتی میں اضافہ شہری زندگی کے معیار کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ حکومت پنجاب کے وژن کے مطابق گوجرانوالہ کو ایک صاف، سرسبز اور دیدہ زیب شہر بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔کمشنر محمد علی نے زور دیا کہ شجرکاری، صفائی اور تزئین و آرائش کے منصوبوں میں پائیداری کو مدنظر رکھا جائے تاکہ ان کے مثبت اثرات طویل عرصے تک برقرار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے تعاون کے بغیر کوئی بھی خوبصورتی مہم مکمل کامیابی حاصل نہیں کر سکتی، اس لیے عوام میں احساسِ ذمہ داری اور شہری شعور کو فروغ دینا بھی ضروری ہے