گوجرانوالہ کو صاف، سرسبز، خوبصورت اور جدید شہری سہولیات سے آراستہ شہر بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے،کمشنر ڈویزن

"کمشنر گوجرانوالہ و گجرات ڈویژن محمد علی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن ’سوہنا پنجاب‘ کے تحت گوجرانوالہ کو صاف، سرسبز، خوبصورت اور جدید شہری سہولیات سے آراستہ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔”

گوجرانوالہ۔ 16 اگست (اے پی پی):کمشنر گوجرانوالہ وگجرات ڈویژن محمد علی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن "سوہنا پنجاب” کے تحت گوجرانوالہ کو صاف، سرسبز، خوبصورت اور جدید شہری سہولیات سے آراستہ شہر بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

شہر کی خوبصورتی میں اضافہ، ماحول دوست اقدامات اور عوام کو بہتر شہری ماحول کی فراہمی کے لیے بیوٹیفیکیشن منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیوٹیفیکیشن آف گوجرانوالہ کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں میونسپل امور، سڑکوں کے پیچ ورک، شہر کی بیوٹیفیکیشن اور کمشنر آفسز کی ری اسٹرکچرنگ سمیت مختلف انتظامی و ترقیاتی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر (ریونیو) نعمان حفیظ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن نعمان فاروق تارڑ، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد عبدالروف اور محمد فرقان اے سی (ریونیو) نے متعلقہ امور پر بریفنگ دی۔کمشنر گوجرانوالہ و گجرات ڈویژن محمد علی نے ہدایت کی کہ شہری سہولیات سے متعلق کام معیاری، بروقت اور مؤثر انداز میں مکمل کیے جائیں جبکہ شہر کی خوبصورتی اور انتظامی نظام میں بہتری کے لیے مربوط اقدامات یقینی بنائے جائیں۔اجلاس کے دوران شہر میں جاری پیچ ورک اور میونسپل ورکس، بیوٹیفیکیشن اقدامات، ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت اور کمشنر آفسز کی تنظیمِ نو سے متعلق امور کا جائزہ لیتے ہوئے ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔ کمشنر نے اس بات پر زور دیا کہ تمام منصوبے اعلیٰ معیار، شفافیت اور مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔ کمشنر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ مختلف محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ برقرار رکھتے ہوئے ترقیاتی اور بیوٹیفیکیشن منصوبوں کی باقاعدہ نگرانی کی جائے تاکہ شہریوں کو ایک صاف، خوبصورت اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔اجلاس میں شہر کی مجموعی خوبصورتی، عوامی سہولیات میں اضافے اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔علاوہ ازیں کمشنر محمد علی نے سی او میونسپل کارپوریشن نعمان فاروق تارڑ اور ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد عبد الرؤف کے ہمراہ چرچ روڈ پر کرب اسٹونز کی پینٹنگ کے جاری کام کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہیں بتایا گیا کہ سڑک کی خوبصورتی اور ٹریفک آگاہی کے لیے سلو اسپیڈ سمیت مختلف روڈ سیفٹی سائنز کی تصاویر اور نشانات سڑک پر پینٹ کیے جا رہے ہیں جبکہ دیگر روڈ سائن ایج کی تیاری بھی جاری ہے۔کمشنر نے ہدایت کی کہ پینٹنگ اور روڈ سائن ایج کا کام معیاری، واضح اور بروقت مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر اور محفوظ سفری ماحول فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خوبصورت پنجاب وژن کے تحت شہری انفراسٹرکچر کی بہتری، شہر کی خوبصورتی اور ٹریفک سیفٹی کو مزید مؤثر بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہیں۔