گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سےاسلام آباد میں ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے تحت کام کرنے والے کیئرک انسٹی ٹیوٹ کے ہیڈ آف ریسرچ ڈاکٹر غلام صمد نے ملاقات کی۔
گورنر خیبرپختونخوا سے کیئرک انسٹی ٹیوٹ کے ہیڈ آف ریسرچ کی ملاقات، خیبرپختونخوا میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع پر بریفنگ دی

مزید خبریں
اسلام آباد۔2جون (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سےاسلام آباد میں ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے تحت کام کرنے والے کیئرک انسٹی ٹیوٹ کے ہیڈ آف ریسرچ ڈاکٹر غلام صمد نے ملاقات کی۔گورنر ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے دوران ڈاکٹر غلام صمد نے گورنر کو علاقائی روابط، تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع خصوصاً خیبرپختونخوا کے تناظر میں تفصیلی بریفنگ دی۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے علاقائی روابط کی اسٹریٹجک اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علاقائی رابطوں کا فروغ نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پورے پاکستان کی معاشی ترقی کو تیز کرنے میں کلیدی کردار ادا کرسکتا ہے۔انہوں نے تجارتی روابط کے استحکام، زرعی ویلیو چینز کی بہتری، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سرکاری اداروں، نجی شعبے اور ترقیاتی شراکت داروں کےدرمیان مربوط حکمت عملی کے ذریعے صوبے کی مکمل معاشی استعداد کو بروئے کار لایا جاسکتا ہے،خیبرپختونخوا تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی کے مرکز کے طور پر ابھر کر پاکستان کی طویل المدتی اقتصادی خوشحالی اور علاقائی تعاون کے اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ علاقائی روابط کا فروغ محض بنیادی ڈھانچے کی تعمیر تک محدود نہیں بلکہ یہ ایک جامع معاشی ترقی کی حکمت عملی ہے۔ فریقین نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اپنی جغرافیائی اہمیت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے خیبرپختونخوا پاکستان کو علاقائی منڈیوں سے جوڑنے،معاشی انضمام کو فروغ دینے، سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے اور جامع معاشی ترقی کے حصول میں کلیدی کردار ادا کرسکتا ہے۔








